کراچی سمیت ملک بھر میں سردی نے ڈیرے جما لیے ہیں، استور سمیت بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
گزشتہ روز سب سے زیادہ سردی لہہ میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی دس ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح گوپس میں منفی سات، اسکردو، استور، کالام اور قلات میں پارہ منفی چھ تک گرگیا۔
کراچی میں رات اور صبح کے اوقات میں ٹھنڈی ہواؤں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، صبح سویرے درجہ حرارت بارہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شہریوں نے طویل انتظار کے بعد گرم کپڑے نکال لیے ہیں۔
ملک میں سردی کے ڈیرے، پہاڑوں پر برفباری، غذر میں جھیلیں اور آبشاریں جم گئیں
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم آج شدید سرد اور خشک رہے گا، جبکہ پہاڑی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ مری اور گلیات میں ہلکی بارش و برفباری ہوگی اور جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں ہلکی دُھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے سردی کی موجودہ لہر پندرہ دسمبر تک برقرار رہنے کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔
پاکستان کے آلودہ شہروں میں راولپنڈی کا آج پہلا نمبر جہاں صبح سویرے ایئر کوالٹی انڈیکس دو سو ستائیس ریکارڈ کیا گیا۔
کراچی میں ٹھنڈی ہواؤں کے ڈیرے اور موسم سرد ہے، شہر کا فضائی معیار مضر ہے ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 137 پرٹیکولیٹ میٹرز ریکار کیا گیا جبکہ ڈ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی سترہ نمبر پر موجود ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کو رات کم سے کم مجموعی درجہ حرارت 11.5 ریکارڈ کیا گیا، جناح ٹرمینل پر درجہ حرارت 10.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اس کے علاوہ گلستان جوہر میں درجہ حرارت 13، شاہراہ فیصل میں 13.5، ماڑی پور میں 12.5، بن قاسم میں 13.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، گزشتہ روز دن بھر پارہ 27.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
کراچی میں شمال مشرقی سمت سے 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 36 فیصد ہے۔