Aaj Logo

شائع 11 دسمبر 2024 09:34pm

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 7 خوارج ہلاک

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 2 الگ، الگ کارروائیوں کے دوران 7 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے شمالی وزیرستان کے علاقہ میران شاہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا ، کارروائی میں خارجیوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 4 خوارج کو ہلاک کر دیا ۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دوسرا آپریشن شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں ہوا، فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 3 خوارج کو ہلاک کردیا ہے ۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک محمد امین بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، شہید کی عمر 34 برس اوران کا تعلق فیصل آباد سے تھا۔

فوجی ترجمان کے مطابق دونوں علاقوں کو خارجی دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے،سیکیورٹی فورسز وطن عزیز سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

Read Comments