Aaj Logo

شائع 11 دسمبر 2024 06:23pm

تیل سے مالا مال خطے دیرالزور پر بھی شامی اپوزیشن کے دستوں کا قبضہ

شام میں حزبِ اختلاف کے مسلح دستوں نے دیرالزور شہر پر بھی قبضہ کرلیا۔ ہیئت تحریر الشام کے ایک سینیر کمانڈر نے بتایا ہے کہ شہر کے فوجی ایئر پورٹ کو بھی آزاد کروالیا گیا ہے۔

دیر الزور اب تک امریکا کی حمایت یافتہ کرد فورسز کے کنٹرول میں تھا۔ اس علاقے میں تیل کے وسیع ذخائر ہیں۔

یاد رہے کہ ایک دن قبل ہی شام کو بشار حکومت سے نجات دلانے والی ہیئت التحریر الشام نامی ملیشیا نے محمد البشیر کو عبوری وزیرِاعظم تعینات کیا ہے۔

اسرائیل نے شام میں تیزی سے بدلتے ہوئے حالات پر نظر رکھی ہوئی ہے۔ اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے شام میں اقتدار پر کنٹرول حاصل کرنے والوں سے کہا ہے کہ وہ ایران کو دوبارہ شام میں قدم جمانے کا موقع نہ دیں۔

واضح رہے کہ بشار حکومت کے خاتمے کے بعد سے اسرائیلی فوج نے شام پر سیکڑوں فضائی حملے کیے ہیں۔ شام کے بحری بیڑے کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ اسرائیلی قیادت کا کہنا ہے کہ ان حملوں کا بنیادی مقصد شام کی حملہ کرنے کی صلاحیت کو گھٹانا ہے۔ اس حوالے سے عالمی برادری نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

Read Comments