وفاقی کابینہ کے اجلاس کو شام میں موجود پاکستانیوں کے انخلا سے متعلق بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 250 پاکستانی زائرین میں سے 79 بیروت پہنچ چکے ہیں۔
سرکاری نشریاتی ادارے پی ٹی وی کے ایک بیان کے مطابق کابینہ کے ارکان کو بتایا گیا کہ بیروت پہنچنے والے پاکستانیوں کو واپس لایا جائے گا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شام سے 20 اساتذہ اور طلبا میں سے سات بھی بیروت پہنچ چکے ہیں۔
اجلاس کے شرکا کو مزید بتایا گیا کہ شام اور لبنان میں پاکستانی سفارتخانے کے حکام شام سے شہریوں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔
اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے بتایا تھا کہ انہوں نے کل شام لبنان کے وزیر اعظم سے بات کی تاکہ شام سے بیروت کے راستے تقریباً 500-600 پاکستانیوں کی واپسی کو یقینی بنایا جاسکے۔