سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو فوجی تحویل میں لینا حیران کن فیصلہ نہیں ہوگا، سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید پر چارج شیٹ سے ثابت ہوگیا کہ کوئی بھی قانون سے نہیں بچ سکتا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میں نے پہلے ہی بتایا تھا کہ پی ٹی آئی کی سول نافرمانی کی کال دراصل فیض حمید کے ٹرائل سے جڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ ایک شخص کا ٹرائل ہو اور اس کے حواریوں کا نہ ہو، 9 مئی سے جنرل (ر) فیض حمید، بانی پی ٹی آئی ، پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو الگ نہیں کیا جا سکتا۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ بشریٰ بی بی بانی پی ٹی آئی کی جان لینا چاہتی ہیں، بانی کو بچانے کے لیے میں مسلسل بول رہا تھا، اسی لیے مجھے پارٹی سے بھی نکال دیا گیا۔
واضح رہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو باضابطہ چارج شیٹ کر دیا گیا۔
ترجمان پاک فوج (آئی ایس پی آر) کے مطابق 12 اگست 2024ء کو پاکستان آرمی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کی کارروائی شروع کی گئی ہے۔