Aaj Logo

شائع 08 دسمبر 2024 04:26pm

شام میں حکومتی مشینری غائب، جیلوں سے قیدیوں کے فرار کی ویڈیوز وائرل

شام میں بشار الاسد کے 24 سالہ دور حکومت کا خاتمہ ہوچکا ہے، شامی باغیوں نے دارالحکومت کا کنٹرول سنبھال لیا ہے اور پورا حکومتی نظام اپنا کنٹرول کھو چکا ہے، یہاں تک کہ جیلوں سے قیدیوں کے فرار کی خبریں بھی زیر گردش ہیں۔

سوشل میڈیا پر بہت سی ویڈیوز میں لوگوں کو جیلوں سے آزاد ہوتے دکھایا گیا ہے۔ اس حوالے سے کچھ انٹرنیٹ صارفین کا کہنا ہے جیل سے فرار کلی یہ ویڈیوز شام میں حکومت کے خاتمے کے بعد قیدیوں کے فرار کی ہیں، جبکہ کچھ کے خیال میں یہ داعش کی جیلیں تھیں اور ویڈیوز پرانی ہیں۔

دوسری جانب بشار الاسد کی حکومت کے خلاف لڑنے والے شامی باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے دمشق کے شمال میں واقع بدنام زمانہ صیدنایا فوجی جیل کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

سی این این کے مطابق باغیوں کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’ہم اپنے قیدیوں کو آزاد کرنے، ان کی زنجیریں کھولنے اور صیدنایا جیل میں ناانصافی کے دور کے خاتمے کا اعلان کرتے ہیں‘۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے 2017 کی ایک رپورٹ میں صیدنایا جیل کو وہاں بڑے پیمانے پر قیدیوں کی موت کے شواہد سامنے آنے کے بعد اسے ”انسانی ذبح خانے“ کا نام دیا تھا۔

جولائی 2023 میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر کی ایک رپورٹ میں صیدنایا سمیت شامی حراستی مراکز کے اندر ’پُرتشدد اور ظالمانہ، غیر انسانی یا ذلت آمیز سلوک کے جاری وسیع اور منظم نمونوں، جبری گمشدگیوں‘ پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

Read Comments