وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی سول نا فرمانی مکمل ناکام ہو جائے گی، سول نافرمانی تب کامیاب ہوتی ہے جب عوام کا انحصار ریاست پرنہ ہو۔
خواجہ محمد آصف نے سیالکوٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاست عوام کو ہر چیز مہیا کر رہی ہے، سول نافرمانی انگریز دور میں چلتی تھی، جس نے بھی سول نافرمانی کی تجویزدی ہے وہ تاریخ سے ناواقف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی تو لیڈر شپ ان پڑھ ہے یا پڑھے لکھے ان پڑھ ہیں، سول نافرمانی تحریک شروع ہونے سے پہلے ہی دم توڑ دے گی، پہلے بھی بانی نے بل جلایا تھا تب بھی کسی نے عمل نہیں کیا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ کون شخص ہے جو اپنا بل ادا نہیں کرےگا، اگر کوئی بل ادا نہیں کریگا تو وہ سہولیات سے محروم ہو جائے گا، کوئی بھی اپنی فیملی کو ان سے محروم نہیں کریگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بشری بی بی کو سیاسی معاملات کی سمجھ نہیں لیکن مالی معاملات کی بہت سمجھ ہے، بشری بی بی نے کہا کہ مجھے اکیلا چھوڑ دیا گیا تھا، اس کا مطلب جو لے کر آئے تھے، گنڈا پور اور عمر ایوب وہ چھوڑ گئے۔
اپنی گفتگو میں انہوں نے مزید کہا کہ میں نے ویڈیو دیکھی جس میں بشری بی بی خود جارہی تھیں، ان کو کوئی بھی چھوڑ کر نہیں گیا، ان سمیت سب بھاگ گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے جو جھوٹ کی عمارت تعمیر کی گئی تھی وہ دھڑم سے نیچے آگری ہے، آج لاشوں کی تعداد 12 آگئی ہے، ان کی لاشیں اور نام پتا کوئی نہیں دے سکا، جس کا نام لیتے ہیں وہ اگلے دن زندہ ہو جاتا ہے۔
مسلم لیگ کے رہنما نے کہا کہ یہ لوگ جس طرح کی گفتگو کرتے ہیں، یہ قوم کے مجموعی شعور کی توہین ہے، اس طرح کی باتیں تو نوسر باز کرتے ہیں، یہ سب نوسر باز ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی نے ہمیشہ کہا کہ میں مذاکرات صرف اسٹیبلشمنٹ سے ہی کرونگا ، اب خبروں میں آرہا ہے کہ وہ سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ میرے خیال سے مذاکرات کی شروعات اسمبلی سے کریں، اگر وہ اسمبلی کو چلانا چاہتے ہیں، قانون سازی کامیاب کرنا چاہتے ہیں تو اپوزیشن کا کردارادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سرکاری پارٹی ہیں جس طرح سرکار اپنا کام کرتی ہے، اس پر نقطہ چینی کریں اس سے اندازہ ہو جائےگا کہ ان کی کیا نیت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دراصل پی ٹی آئی تتر بتر ہوچکی ہے، ڈی چوک میں پنجاب سے ان کی لیڈرشپ نظر نہیں آئی، مجھے تو کے پی کا کوئی ایم این اے بھی نظر نہیں آیا، اسلام آباد پر جو حملے ہوئے وہ ناکام ہوئے ہیں۔