Aaj Logo

شائع 07 دسمبر 2024 06:41pm

برطانوی بادشاہ چارلس نے دو بھارتیوں کو دیے گئے اعزازات واپس لے لیے

برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم نے ملک میں بھارتی نژاد کمیونٹی کی دو نمایاں شخصیات کو دیے جانے والے اعزازات واپس لے لیے ہیں۔

رامندر سنگھ رینجر کو 2015 میں، برطانوی کاروباری ماحول اور ایشیائی کمیونٹی کے لیے گراں قدر خدمات انجام دینے پر، برطانوی سلطنت کا تیسرا سب سے بڑا اعزاز دی کمانڈر آف دی برٹش ایمپائر (سی بی ای) دیا گیا تھا۔

رامندر سنگھ رینجرز کنزرویٹو پارٹی کے رکن ہیں۔ انہوں نے اشیائے صرف کی کمپنی سن مارک قائم کی تھی۔ اعزاز کے نظام کو متنازع بنانے پر اُن سے اعزاز واپس لیا گیا۔

برطانوی پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا دارالامرا کے رکن اور برطانیہ کی نمایاں بھارتی نژاد شخصیت سے بھی اعزاز واپس لے لیا گیا۔ ہندو کمیونٹی اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے پر انیل کمار بھانوٹ کو جون 2010 میں دی آفیسر آف دی برٹش ایمپائر ایوارڈ دیا گیا تھا۔ انیل کمار بھانوٹ ہندو کونسل یو کے سے منسلک ہیں۔

رامندر سنگھ رینجرز کے ترجمان نے ملک الزبیتھ دوم کی طرف سے دیا گیا کمانڈر آف دی برٹش ایمپائر کا اعزاز واپس لینے کو غیر منصفانہ قدم قرار دیتے ہوئے بتایا ہے کہ شاہ چارلس کے اس فیصلے کو چیلنج کیا جائے گا۔

درالامرا نے پارلیمانی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق تحقیقات گزشتہ سال مکمل کی تھی اور یہ نتیجہ اخذ کیا تھا کہ خلاف ورزی کی گئی ہے۔ اعزازات ضبط کرنے کے لیے بنائی جانے والی برطانوی کابینہ کی کمیٹی نے اعزازات منسوخ کرنے کی کوئی خاص وجہ نہیں بتائی۔

پبلک نوٹس میں کہا گیا ہے کہ شاہ چارلس نے رامندر سنگھ رینجر کو کمانڈر آف دی برٹش ایمپائر مقرر کرنے کا اعزاز واپس لینے کا حکم دیا ہے۔ اُن کا نام متعلقہ رجسٹر سے نکال دیا جائے گا۔

رامندر سنگھ رینجر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جن باتوں پر یہ اعزاز واپس لینے کا اعلان کیا گیا ہے اُن باتوں پر وہ بہت پہلے معافی مانگ چکے ہیں۔ متعلقہ ادارے نے بتایا ہے کہ کسی مجرمانہ سرگرمی میں ملوث ہونے پر یا کسی اور طریقے سے اعزاز کو بدنام کرنے والی سرگرمی میں ملوث ہونے کی صورت میں اعزاز واپس لیا جاسکتا ہے۔

Read Comments