جوڈیشل کمیشن نے ججز تعیناتی کے لیے رولز کی تیاری کو ترجیح دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے جسٹس جمال مندوخیل کی سربراہی میں رولز بنانے کے لیے 5 رکنی کمیٹی قائم کردی، کمیٹی 15 دسمبر تک رولز کا مسودہ تیار کرے گی۔
جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے آج کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا۔
اعلامیے کے مطابق جوڈیشل کمیشن نے ججز تعیناتی کے لیے رولز کی تیاری کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا، جسٹس جمال مندوخیل کی سربراہی میں ججز تعیناتی کے رولز بنانے کے لیے 5 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی، جس میں اٹارنی جنرل، بیرسٹرعلی ظفر، فاروق ایچ نائیک اور اخترحسین ایڈووکیٹ بھی شامل ہیں، کمیٹی کو سیکرٹری جوڈیشل کمیشن اور 2 ریسرچ افسروں کی خدمات بھی حاصل ہوں گی، کمیٹی 15 دسمبر تک رولز کا مسودہ تیار کرے گی۔
جوڈیشل کمیشن اجلاس: ججز تقرری مؤخر، جسٹس شاہد بلال حسن آئینی بینچ میں شامل
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں جسٹس شاہد بلال حسن کو آئینی بینچ کا رکن بنانے کی منظوری دی گئی، کمیشن کے دوسرے اجلاس میں پشاورہائیکورٹ کے ایڈیشنل ججزکی تعیناتی کامعاملہ مؤخر کردیا گیا، ایڈیشنل ججز کی نامزدگیوں کے لیے آخری تاریخ میں 10 دسمبر تک توسیع کردی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی بھی 21 دسمبر تک مؤخر کردی گئی، جسٹس عدنان الکریم میمن اور جسٹس آغا فیصل کو سندھ ہائیکورٹ آئینی بینچ کا رکن تعینات کرنے کی منظوری دی گئی، دونوں ججز کی تعیناتی کی منظوری جوڈیشل کمیشن ارکان نے کثرت رائے سے دی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ جوڈیشل کمیشن اجلاس میں آئی ٹی ماہرین سے کاغذ کے کم سے کم استعمال کے لیے تجاویز بھی لی گیئں۔