بھارتی ریاست تلنگانہ میں اداکار الو ارجن کی فلم ’پشپا 2‘ نہ دکھانے پر ایک تھیٹر میں شدید ہنگامہ برپا ہوگیا۔ دوسری طرف ممبئی میں فلم کے ایک شو کے دوران جدید طرز کے سنیما ہال میں پراسرار اسپرے سے کئی شائقین کی حالت نازک ہوگئی۔ اس کے بعد شو روک دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، چنور کے ٹاؤن میں ایک شخص بجوری وینا نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر مقامی تھیٹر میں داخل ہوکر شور مچایا اور انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔
’پُشپا 2‘ کی اسکریننگ میں خاتون کی ہلاکت پر اَلو ارجن کے خلاف مقدمہ درج
رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ احتجاج کے دوران بجوری وینا اور اس کے ساتھیوں نے تھیٹر میں لگے شیشوں کو نقصان پہنچایا۔ مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے الو ارجن کی فلم ’پشپا 2، دی رول‘ نہ دکھانے پر شدید نعرے بازی کی اور تھیٹر کے مالک کو جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی۔
تھیٹر کے مالک نے اس واقعے کی اطلاع پولیس کو دی، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بجوری وینا اور اس کے ساتھیوں کو حراست میں لے لیا۔
بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ’پشپا 2، دی رول‘ کا سال بھر انتظار کیا گیا ہے اور یہ فلم باکس آفس پر ریکارڈ توڑ کامیابی حاصل کرنے کی توقع رکھتی ہے۔ یہ فلم بھارت میں گزشتہ روز ریلیز ہوئی ہے، جس کے ہیرو تیلگو اداکار الو ارجن اور اداکارہ رشمیکا مندنا ہیں۔