اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ 2 کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو نوٹس جاری کرکے آئندہ ہفتے ان سے جواب طلب کرلیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ 2 کیس میں ضمانت منسوخی کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ایف آئی کی درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت ایف آئی اے پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی عدالت میں پیش ہوئے اور دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی اسلام آبادہائیکورٹ سے ملنے والی ضمانت کا غلط استعمال کررہی ہیں اور وہ ٹرائل کورٹ کی اکثر سماعتوں میں پیش نہیں ہوتیں لہٰذا ان کی ضمانت منسوخ کی جائے۔
بعدازاں عدالت نے ایف آئی اے کی درخواست پر بشریٰ بی بی کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا اور سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف درج مقدمات کے حصول کی درخواست نمٹا دی گئی۔
یاد رہے کہ عمران خان کی بہن نورین نیازی نے مقدمات کی تفصیلات کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
نیب اور ایف آئی اے کی جانب سے مقدمات کی رپورٹس عدالت میں جمع کروا دی گئیں، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے مقدمات کی رپورٹ بھی عدالت میں جمع کروا دی گئی جبکہ سیکرٹری داخلہ کی جانب سے صوبوں میں درج مقدمات کی رپورٹ جمع کروائی گئی۔
بعدازاں عدالت نے مقدمات کی تفصیلات فراہمی کے بعد نورین نیازی کی درخواست نمٹا دی۔