Aaj Logo

شائع 04 دسمبر 2024 08:40pm

مارے گئے کارکنان کے ورثا پیچھے ہٹے تو پارٹی لائحہ عمل دے گی، وقاص اکرم

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ احتجاج میں مارے گئے کارکنان کی لاشیں جب ان کے آبائی علاقے پہنچ رہی ہیں تو وہاں پر ان کے لواحقین کو حکومت کی جانب سے دھمکایا اور تنگ کیا جارہا ہے۔

آج نیوز کے پروگرام ”اسپاٹ لائٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ تمام تیاری مکمل ہوگئی ہے، حکومت اگر ورثاء کو دھمکاتی ہے اور وہ مدعی بننے سے پیچھے ہٹ جاتے ہیں تو پھر پارٹی اگلہ لائحہ عمل جاری کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ’یہ نہیں ہوتا کہ وارث وہاں بیٹھے ہیں اور آپ پہلے ہی کھڑے ہوجائیں، اس سے قانونی پیچیدگیاں ہوتی ہیں‘۔

وقاص اکرم نے کہا کہ پنجاب میں ہمارے لئے مسئلہ پیدا ہورہا، وہاں کے مارے گئے کارکنان کے لواحقین کے مطابق ان کو زبردستی دھمکایا جارہا ہے، بلوچستان میں ہمارے پاس کوئی میکینزم نہیں ہے۔

انہوں نے ڈی پی او اٹک غیاث گل کے 89 ٹرینڈ اور مسلح افراد کی گرفتاری کے دعوے کو بھی مسترد کیا اور کہا کہ ’سرکاری کارندوں کو حومتی پروپیگنڈے کا حصہ نہیں بننا چاہئیے، آپ کی پنجاب میں سرکار ہے آپ برازیل کیا امریکا کی ٹئیر گیس رکھ کر دکھا دیں، ہم آپ کو کیا کہہ سکتے ہیں، پنجاب پولیس کے حوالے سے یہ چیزیں نئی نہیں ہیں یہ ہمیشہ سے اس طرح کے فیبریکیٹڈ اور جعلی کیسز بناتے رہے ہیں، ان کیلئے کوئی مشکل نہیں ہے‘۔

Read Comments