Aaj Logo

اپ ڈیٹ 04 دسمبر 2024 10:30pm

پانچ ہزار کارکن لاپتا، ضلعی سطح پر ڈیٹا جمع کر رہے ہیں، بیرسٹر گوہر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہمارے پانچ ہزار کارکن لاپتا ہیں، ضلعی سطح پر لاپتا کارکنوں کا ڈیٹا اکٹھا کر رہے ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے ایبٹ آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی اس وقت پشاور میں موجود ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ علی امین گنڈاپور صوبے کے وسائل استعمال نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ ہم احتجاج کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے درمیان شدید اختلافات ہیں، 24 نومبر کے احتجاج کے موقع پر بھی عمران خان کی اہلیہ اور پارٹی قیادت کے درمیان اختلاف نظر آیا۔

اس کے علاوہ عمران خان کی بہن علیمہ خان بھی یہ اظہار کرچکی ہیں کہ عمران خان کو جیل میں اصل حقائق سے آگاہ نہیں کیا جاتا۔ وہ یہ بھی کہہ چکی ہیں کہ عمران خان ان کے بھائی ہیں وہ کیسے ان کے حق میں بات نہ کریں، اس میں سیاست کی کوئی بات نہیں۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ آج اپنے شہید کارکنوں کی تعزیت کے لیے ان کے گھر آیا ہوں، کبھی کوئی حکومت اپنے شہریوں پر گولی نہیں چلاتی۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کو خیبرپختونخوا گورنمنٹ معاوضہ اور ان کے بچوں کو نوکری دے گی۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہماری جہدوجہد جمہوریت کی بحالی اور بانی تحریک انصاف کی رہائی کے لیے ہے، پاکستان تحریک انصاف چاروں صوبوں کی پارٹی ہے، لوگ اپنے کاروبار لٹا کر اپنے گھر بار لٹا کر بھی بانی تحریک انصاف کے ساتھ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تاحال ہمارے پانچ ہزار کارکن غائب ہیں، ہماری تحریک پر کسی صورت گولی نہیں چلنی چاہیے تھی۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل کا لائحہ عمل بانی تحریک انصاف کے حکم سے طے کریں گے، بشریٰ بی بی کا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، بشریٰ بی بی احتجاج میں عام کارکن کی طرح شامل ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنے غائب کارکنوں کے لیے ضلعی سطح پر سیل قائم کئے ہیں، ضلعی سطح پر غائب کارکنوں کا ڈیٹا اکٹھا کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔

Read Comments