پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں خالہ زاد بھائی کو دھوکے سے قتل کرنے کے بعد اس کا انگوٹھا کاٹ کر اے ٹی ایم سے 10 لاکھ روپے نکلوانے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ پولیس نے 2 گھنٹے مسلسل کوشش، جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹلی جنس کی مدد سے مقتول کے کزن کو 2 دوستوں کے ساتھ گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان میں مقتول کا کزن اریب، اسامہ اور حارث شامل تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے والدین کے اکلوتے بیٹے یاسین کو گولی مار کر قتل کیا اور اس کا انگوٹھا کاٹ کر اے ٹی ایم سے 10 لاکھ روپے نکال لیے۔
پولیس کے مطابق ملزمان بوری بند لاش نہر میں پھینکنے جا رہے تھے کہ پولیس نے گلی میں کھڑی کار سے لاش برآمد کرلی، ملزمان سے مقتول کا کٹا ہوا انگوٹھا بھی برآمد کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان انگوٹھے کو استعمال کرکے مزید رقم نکلوانا چاہتے تھے، مقتول یاسین والدین کا اکلوتا بیٹا اور فیصل آباد کا رہائشی تھا۔
شیخوپورہ کے تھانہ ہاؤسنگ کالونی پولیس نے مقتول کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا جبکہ مزید تحقیقات جاری ہے۔
دوسری جانب اندھا قتل ٹریس کرنے اور ملزمان کو فوری گرفتار کرنے پر آر پی او شیخوپورہ کی طرف سے ایس ایچ او ولی حسن پاشا اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔