Aaj Logo

شائع 04 دسمبر 2024 11:58am

معیشت ترقی کے راہ پرگامزن، اب نجی شعبے نے ملک کو آگے لے کر جانا ہے، وزیر خزانہ

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ عوام کو اعتماد میں لینے تک سب اچھا نہیں، حکومت کا کام پالیسی کا تسلسل اور درست ماحول فراہم کرنا ہے، تین چار سال پہلے جو کام ہوئے وہ اب نہیں ہوں گے، ملکی معیشت ترقی کے راہ پر گامزن ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی آئی ہے، اب نجی شعبے نے ملک کو آگے لے کر جانا ہے۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت ترقی کے راستے پر گامزن ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی واقع ہوئی ہے، ملک میں مہنگائی کی شرح 70 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی ہے، ہم نے اب معاشی بنیادوں کے استحکام کو مضبوط کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت میں بہتری کے بعد پالیسی ریٹ میں کمی کی گئی، پالیسی ریٹ میں کمی سے صنعت ترقی کرے گی، ہاؤسنگ کے شعبے کا معیشت میں اہم کردار رہا ہے، حکومت نجی شعبے کو پالیسی گائیڈ لائن دے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد کے لیے پر عزم ہیں، معاشی اصلاحات کا عمل جاری رکھیں گے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کم لاگت کے گھروں کی تعمیر اہم ہے، گھروں کی تعمیر کیلئے شرح سود میں کمی اہم کردار ادا کرے گی، سستے گھروں کی تعمیر میں مائیکروفنانس بنکوں کا اہم کردار ہوگا، اب حکومت مقامی سطح پر قرضے نہیں لے گی، حکومت نجی شعبے کی ہر سطح پر سپورٹ کیلئے تیار ہے، حکومت اب ماضی کی غلطیوں کو نہیں دہرائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مارٹگیج فنانسنگ کے حوالے سے سٹیٹ بینک سے بات چیت ہوگی، سب اچھے کی خبر اس وقت تک نہیں ہے جب تک ہم لوگوں کو اعتماد میں نہ لیں، بینکنگ انڈسٹری زیادہ پیسہ خرچ کرتی ہے اس کا پتہ چلنا چاہیے۔

محمد اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کا کام پالیسی کا تسلسل اور درست ماحول فراہم کرنا ہے، حکومت ہر جگہ اپنا تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

Read Comments