پی ٹی آئی شرپسندوں کے تشدد سے زخمی ایس ایچ او طاہر اقبال نے کہا ہے کہ شرپسندوں کی جانب سے پھینکے گئے شیلز سے میری حالت غیر ہوگئی تھی ، مظاہرین نے مجھے تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے کھائی میں پھینک دیا جس سے میرا بازو ٹوٹ گیا اور دیگر چوٹیں بھی آئیں۔
واضح رہے کہ 24 تا 26 نومبر تک پی ٹی آئی کے پرتشدد مظاہروں کے دوران جہاں دیگر سیکیورٹی اہلکار شدید زخمی ہوئے ، ایس ایچ او تھانہ نیو ائیرپورٹ طاہر اقبال بھی شامل تھے۔
طاہر اقبال نے اپنی گفتگو میں مزید کہا کہ ڈی پی او اسکواڈ نے مجھے کھائی سے نکالا، اگربروقت ایسا نہ کیا جاتا تو شاید آج میں یہاں موجود نہ ہوتا۔
ایس ایچ او طاہر اقبال کا کہنا تھا کہ 24 نومبر 2024ء کو میں موٹر وے پر تعینات تھا، رات تقریباً 11 بجے پرتشدد مظاہرین سے سامنا ہوا، وہ آتشی اسلحہ سے لیس تھے ، ہم انہیں بغیر اسلحہ کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ اسی دوران آس پاس کی پہاڑیوں پر موجود عسکری شرپسند جن کے پاس آتشی اسلحہ تھا، وہ ہم پر حملہ آور ہوئے، شرپسندوں کے پاس 30 بور رائفل اور پسٹل تھے۔
ایس ایچ او تھانہ نیو ائیرپورٹ شر پسندوں نے پہاڑوں پر بھی آگ لگائی اور جدید اسلحہ سے فائرنگ کرتے ہوئے ہماری جانب بڑھنے لگے۔
طاہراقبال نے کہا کہ صحت یاب ہونے کے بعد میں نے ڈیوٹی کو جوائن کرلی ، میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے پرعزم ہوں، آئندہ جب بھی فرض کی ادائیگی کے لئے پکارا گیا، میں لبیک کہتے ہوئے حاضر ہوجائوں گا۔