تین میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے تباہ کن باؤلنگ سے زمبابوے کی پوری ٹیم صرف 57 رنز پر ڈھیر کرنے کے بعد میچ میں 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیریز میں دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔
پاکستان کی جانب سے 58 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے چھٹے اوور میں حاصل کر لیا گیا۔
صائم ایوب 32 اور عمیر بن یوسف 22 رنز بنا کر ناقابلِ شکست پویلین لوٹے۔
قبل ازیں، سیریز کے دوسرے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لیکن یہ فیصل غلط ثابت ہوا اور پاکستانی بولرز کے سامنے زمبابوے کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 12.4 اوورز میں 57 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
زمبابوے کے 9 بیٹرز ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکے۔ برائن بینٹ 21 اور مارومانی 16 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس کے علاوہ عباس آفریدی نے 2، ابرار احمد ، حارث رؤف اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک وکٹ لی۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ انہیں ہدف مقرر کرنے یا اس کا تعاقب کرنے میں کسی قسم کی کوئی پریشانی نہیں ہے۔
یہ میچ زمبابوے کے شہر بلاوائیو میں کھیلا جا رہا ہے جس کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون کا اعلان گزشتہ روز ہی کردیا گیا تھا۔
بلاوائیو میں پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ کے لیے پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور پہلے میچ کی فاتح ٹیم کو برقرار رکھا گیا ہے جب کہ زمبابوے نے بھی اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔
پاکستان ٹیم سلمان علی آغا (کپتان)، صائم ایوب، عمیر بن یوسف، عثمان خان (وکٹ کیپر)، طیب طاہر، محمد عرفان خان، جہانداد خان، محمد عباس آفریدی، حارث رؤف، ابرار احمد، صفیان مقیم پر مشتمل ہے۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل پاکستان نے 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے کو 57 رنز سے شکست دے دی تھی، جبکہ میزبان ٹیم 165 رنز ہدف کے تعاقب میں 108 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔
پاکستان نے 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے کے خلاف پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا، اور مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 165 رنز بنائے تھے۔
166 رنز ہدف کے تعاقب میں زمبابوین ٹیم 16ویں اوور میں 108 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور اس طرح سے پاکستان نے یہ میچ 57 رنز سے اپنے نام کرلیا تھا۔
نوجوان سفیان مقیم اور ابرار احمد نے 3، 3 شکار کیے تھے، جبکہ حارث رؤف نے 2 اور جہانداد خان نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
اس سے قبل 28 نومبر کو پاکستان نے تیسرے اور فیصلہ کن ایک روزہ میچ میں مہمان زمبابوے کو 99 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی تھی۔
دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے یکطرفہ مقابلے کے بعد زمبابوے کو 10 وکٹ سے شکست دی تھی۔
قبل ازیں بلاوایو میں ہی کھیلے گئے پہلے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو جیت کے لیے 206 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن بارش سے متاثرہ میچ میں قومی ٹیم 21 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 60 رنز ہی بناسکی تھی۔
بعد ازاں، زمبابوے نے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم (ڈی ایل ایس) کے تحت 80 رنز سے شکست دی تھی۔