Aaj Logo

اپ ڈیٹ 03 دسمبر 2024 11:50pm

علی امین گنڈاپور کو کوئی ڈگری کیوں نہ مل سکی؟ دلچسپ قصہ سنا دیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ تعلیمی ڈگری لینا ان کے بس کی بات نہیں تھی، ایف آئی آرز ہی ان کی ڈگریاں ہیں۔

پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پارٹی پالیٹکس میں میں نے کبھی لڑائی کی شروعات نہیں کی، جھگڑے کے دوران اسکول میں میرے لمبے بال تھے باڈی بڑی تھی میں واضح دکھ گیا بیچ میں تو انہوں نے مجھے اسکول سے نکال دیا۔

انہوں نے کہا کہ لیکن میں نے ہمت نہیں ہاری، میں پرائیویٹ کرکے نیشنل کالج آف آرٹس (این سی اے) میں چلا گیا، وہاں بھی انہوں نے ایک سال بعد کہا کہ ’بھائی تو ہمارے بس کی بات نہیں ہے تو چلا جا، ماحول خراب کر رہا ہے‘۔ وہاں سے میں چلا گیا پاکستان اسکول آف فیشن ڈیزائننگ، وہاں بھی دو سال بعد انہوں نے کان پکڑ لئے انہوں نے کہا تیری مہربانی تو یہاں سے بھی جا۔

علی امین گنڈاپور کا مزید کہنا تھا کہ اب میں نے کہا یہاں سے کہاں جاؤں، میں نے خود سے کہا کہ بس چھوڑو، تعلیم تیرے بس کی بات نہیں ہے، ڈگری تیرے بس کی بات نہیں ہے، بڑے قریب آکر تم رہ جاتے ہو ڈگری کے اور تمہیں کہا جاتا ہے کہ بھئی تیری مہربانی۔

انہوں نے کہا کہ آج جب یہاں آرہا تھا تو مجھے بتایا گیا کہ مجھ پر ایف آئی آرز ہوگئی ہیں، میں نے کہا کہ یہ ایف آئی آرز نہیں ڈگریاں ہیں، ہم تو انہیں ڈگریاں سمجھ رہے ہیں کیونکہ مجھ پر 256 سے زیادہ ایف آئی آرز ہوچکی ہیں۔

’صوبے کے حالات غلط پالیسیوں کی وجہ سے خراب ہوئے‘

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نےمزید کہا کہ صوبے کے حالات غلط پالیسیوں کی وجہ سے خراب ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ہماری افغانستان کے ساتھ طویل سرحد ہے، عوام اور فورسز نے امن کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کیے، نوجوان نسل ہی ہمارا مستقبل ہے، تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نجی سیکٹر کے تعاون کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتی، طلبہ سے کہوں گا کہیں پر بریک نہیں لگانی، اپنی ڈگری سے دنیا میں اپنا لوہا منوائیں، سب سے زیادہ اپنے والدین اور اساتذہ کی عزت کرنی ہے، زندگی میں مقابلہ کرنا سیکھیں۔

Read Comments