توشہ خانہ 2 کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر آج بھی فرد جرم عائد نہیں ہوسکی۔
اڈیالہ جیل راولپنڈ میں اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کی، پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر جبکہ اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی عدالت پیش ہوئے جبکہ بشریٰ بی بی آج بھی عدالت پیش نہ ہوئیں۔
وکیل سلمان صفدر نے مؤقف اپنایا کہ ملزمہ نئے درج ہونے والے مقدمات کی ضمانت حاصل کرنے کے لیے پشاور ہائیکورٹ گئی ہیں، ملزمہ نے پشاور میں عدالت کے سامنے سرنڈر کر دیا ہے، عدالت مقدمہ کی سماعت پیر تک ملتوی کر دے یقین دہانی کراتے ہیں ملزمہ عدالت پیش ہو جائے گی۔
اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر ذولفقار عباس نقوی نے وکیل صفائی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ملزمہ جان بوجھ کر عدالت پیش نہیں ہو رہی، ملزمہ کے بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔
بعدازاں عدالت نے عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت 5 دسمبر جمعرات تک ملتوی کر دی۔