Aaj Logo

شائع 03 دسمبر 2024 11:18am

قوم کی حمایت سے مسلح افواج ملک کیخلاف ہر سازش کو ناکام بنا دیں گی، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مسلح افواج قوم کی حمایت سے ملکی دفاع اور سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، قوم کی حمایت سے مسلح افواج ملک کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنا دیں گی، مسلح افواج تمام خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

پاک فوج شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے نارووال اور سیالکوٹ کا دورہ کرکے فیلڈ ٹریننگ مشقوں کا معائنہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کے دوران آرمر، انفنٹری، میکانائزڈ انفنٹری، آرٹلری، ایئر ڈیفنس، آرمی ایوی ایشن اور اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل یونٹس سمیت مختلف یونٹس نے مربوط فائر پاور سمیت مختلف آپریشنز کیے، مشق میں الیکٹرانک جنگی صلاحیتوں اور انفارمیشن آپریشنز کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ ان آپریشنز کو دشمن کے مواصلات میں خلل ڈالنے اور جدید میدان جنگ کے ماحول میں غلط معلومات کی حکمت عملیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ جنرل عاصم منیر کو مشق کے مقاصد اور انعقاد کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی، مشقوں کا مقصد ابھرتے آپریشنل چینلجز سے نمٹنے کے لیے پیشہ ورانہ مہارتوں اور میدان جنگ کے طریقہ کار کو بہتر بنانا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ نے پورا دن فوجیوں کے ساتھ میدان میں گزارا اور فوجی جوانوں کے تربیتی معیار، آپریشنل تیاری اور بلند حوصلے کی تعریف کی۔

پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے دشمن کی طرف سے درپیش کسی بھی ممکنہ خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے مستقل تیاریوں کو برقرار رکھنے کی اہم اہمیت پر زور دیا۔

اس موقع پر جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئےآرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج، قوم کی حمایت کے ساتھ، تمام خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، مسلح افواج مادر وطن کی سالمیت اور خودمختاری کی حفاظت کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں، ہر خطرے کا بھرپور اور مؤثر جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

قبل ازیں مشق کے علاقے میں پہنچنے پر کمانڈر گوجرانوالہ کور اور انسپکٹر جنرل آف ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔

Read Comments