مغربی افریقا کے ملک گنی میں ایک فٹبال میچ کے دوران ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں بھگدڑ مچنے سے 100 سے زائد افراد ہلاک اور 150 سے زائد زخمی ہوگئے۔
یہ واقعہ ملک کے دوسرے سب سے بڑے شہر زیریکور کا کا ہے۔ ہنگامہ آرائی اُس وقت شروع ہوئی جب میچ کے دوران ریفری کے ایک فیصلے کو متنازع قرار دیا گیا۔
زیریکور سے ملنے والی غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق ہنگامہ آرائی نے 100 سے زائد افراد کی جان لی ہے اور بیسیوں زخمیوں کو اسپتال پہنچایا گیا ہے۔ مقامی اسپتالوں کے مُردہ گھر بھر جانے کے باعث لاشیں راہداریوں ہی میں رکھ دی گئیں۔
مقامی میڈیا نے بتایا کہ یہ میچ 2021 میں فوجی بغاوت کے نتیجے میں اقتدار پر قابض ہوکر خود کو صدر کے منصب پر فائز کرنے والے مامدی دومبویا کے اعزاز میں منعقد کیا جارہا ہے۔
ریفری کے فیصلے پر اعتراض کرنے والوں نے احتجاج کے بعد مار پیٹ شروع کردی جس کے نتیجے میں گراؤنڈ کے اندر ہی نہیں بلکہ گلیوں میں بھی جھڑپیں ہوئیں۔ ریفری کے فیصلے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سیکڑوں افراد میدان میں داخل ہوگئے۔ مشتعل ہجوم نے کئی گاڑیوں کے علاوہ ایک پولیس اسٹیشن کو بھی آگ لگادی۔