Aaj Logo

اپ ڈیٹ 02 دسمبر 2024 06:20pm

ملک بھر میں مہنگائی بڑھنے کی رفتار 78 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی

وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ماہانہ رپورٹ جاری کردی۔

ادارہ شماریات کے مطابق نومبر 2024 میں مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 4.9 فیصد ریکارڈ کی گئی جب کہ اکتوبر 2024 میں یہ 7.2 فیصد تھی ۔

نومبر 2024 کے دوران ماہانہ بنیاد پر سی پی آئی میں 0.5 فیصد اضافہ ہوا جب کہ اکتوبر میں 1.2 فیصد اور نومبر 2023 میں 2.7 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے ایک نوٹ میں کہا یہ 78 مہینوں میں سب سے کم مہنگائی کی شرح ہے۔ اکتوبر 2024 میں مہنگائی کی شرح 7.2 فیصد تھی۔ نومبر میں مہنگائی کی شرح سرکاری توقعات سے بھی خاصی کم رہی۔

وزارت خزانہ نے بدھ کو جاری ماہانہ آؤٹ لک میں کہا تھا کہ انہیں نومبر میں مہنگائی 5.8 سے 6.8 فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے اور دسمبر تک مزید کم ہوکر 5.6 سے 6.5 فیصد کے درمیان تک آجائے گی۔

پاکستان میں مہنگائی خاص طور پر حالیہ برسوں میں ایک اہم اور مستقل معاشی چیلنج رہا ہے۔ گزشتہ سال مئی میں سی پی آئی افراط زر کی شرح 38 فیصد کی ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔ تاہم اس کے بعد سے یہ نیچے کی جانب گامزن ہے۔

مہنگائی میں کمی سے کلیدی پالیسی ریٹ میں مزید کٹوتی کو بھی تقویت ملتی ہے۔

علاوہ ازیں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مہنگائی میں کمی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نومبر میں مہنگائی چھ سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہے۔

قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام میں آنے سے سارے مسائل حل نہیں ہوجائیں گے، یقینی بنائیں گے کہ یہ آئی ایم ایف سے آخری پروگرام ہو۔

وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ قرض پر سود 13فیصد سے نیچے آگیا ہے، کرنٹ اکاؤنٹ سر پلس رہا ہے، نجی شعبے کا کریڈٹ بڑھ رہا ہے۔

Read Comments