فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر ایک نئی شرط عائد کی ہے جس کے تحت غیر مقیم ہونے کی حیثیت کی تصدیق کے لیے متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو (ایف بی آر) سے منظوری لینا ضروری ہوگی، تاکہ غیر منقولہ جائیداد کی لین دین پر ”فائلرز“ کے ٹیکس ریٹس لاگو کیے جاسکیں۔
بزنس ریکارڈر کی رپورٹ کے مطابق ایف بی آر نے انکم ٹیکس آرڈیننس کی سیکشن 236 سی اور سیکشن 236 کے کے تحت ودہولڈنگ ٹیکس چالان کے اجرا پر قانونی وضاحت جاری کی ہے۔ رئیل اسٹیٹ کے ماہر محمد احسن ملک نے بتایا کہ یہ شق ایف بی آر کے قوانین میں 30 جون 2024 تک پہلے ہی موجود تھی۔
اچانک ایف بی آر نے ایف بی آر پورٹل سے نان ریزیڈنٹ کیٹیگری کو تبدیل کرکے اس کی جگہ لیٹ فائلرز کی نئی کیٹیگری متعارف کرادی۔ ماہرین نے مختلف سطح پر حکومت کے سامنے بار بار اس مسئلے کو اٹھایا ہے لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔
فنانس ایکٹ 2022 کے تحت کچھ غیر مقیم پاکستانیوں کو آرڈیننس کی قابل اطلاق شقوں کے تحت انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اس کے نتیجے میں وہ ایکٹو ٹیکس پیئرز کی فہرست میں شامل نہیں ہوتے، اور اس وجہ سے آرڈیننس کے دسویں شیڈول کے قاعدہ 1 کے تحت مشکلات کا سامنا کر سکتے ہیں۔
غیر مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لیے جو پاکستان اوریجن کارڈ (پی او سی) یا نیشنل آئی ڈی کارڈ برائے اوورسیز پاکستانی (این آئی سی او پی) رکھتے ہیں، سیکشن 100 بی اے اور دسویں شیڈول کے قاعدہ 1 کی دفعات ان پر لاگو نہیں ہوں گی، جو ایسی ٹرانزیکشنز سے متعلق ہیں جن پر آرڈیننس کی سیکشن 236سی اور 236 کے کے تحت ٹیکس قابل وصول ہے، جو غیر منقولہ جائیداد کی خرید و فروخت پر لاگو ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے بورڈ کی طرف سے جاری کی گئی وضاحت کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت فراہم نہیں کی۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو کسی قسم کی رعایت دینے کے بجائے، ایک اور شرط عائد کر دی گئی ہے کہ متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو سے سرٹیفکیٹ حاصل کیا جائے۔ یہ کمشنر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی غیر مقیم حیثیت کی تصدیق کرے گا۔
علاوہ ازیں ایف بی آر نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے غیر منقولہ جائیداد کی لین دین پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) کی ادائیگی کے معاملے کی وضاحت نہیں کی۔ احسن ملک نے مزید کہا کہ کیا غیر منقولہ جائیداد کے لین دین پر ایف ای ڈی کی ادائیگی کے وقت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں/ غیر رہائشیوں کو نان فائلر سمجھا جائے گا؟
احسن ملک نے سوال اٹھایا کہ پچھلے نظام میں کیا مسئلہ تھا جسے تبدیل کرنے کی ضرورت تھی۔ متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو کی منظوری حاصل کرنے کی شرط بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پہلے سے دستیاب استثنیٰ کے عمل کو مزید طول دے گی۔
رئیل اسٹیٹ ایکسپرٹ نے سوشل میڈیا پر آنے والی ان خبروں کی سختی سے تردید کی کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو کسی قسم کی نئی چھوٹ دی گئی ہے۔