خیبر پختونخوا کے پولیس افسران نے سینٹرل پولیس آفس پشاور کو آنسوگیس شیلز کے اسٹاک سے متعلق تفصیلات فراہم کر دی ہیں۔ یہ تفصیلات یکم نومبر تک کے اعداد و شمار پر مبنی ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں دستاویزات کے حوالے سے بتایا گیا کہ یکم نومبر تک پولیس کے پاس مجموعی طور پر 2 ہزار 955 شیل گنز موجود تھے، طویل رینج کے لیے 75 ہزار 357 شیل دستیاب تھے، جبکہ مختصر فاصلے کے لیے 42 ہزار 661 گولے بھی موجود ہیں۔
دستاویز میں مزید بتایا گیا کہ یکم نومبر تک پولیس کے پاس گیس گرنیڈ کی تعداد 3 ہزار 728 تھی، اور ایک ہزار 203 اسموک گرنیڈ کے ساتھ 2 ہزار 869 اسٹن گرنیڈ بھی موجود ہیں۔ اس کے علاوہ، پولیس کے پاس گیس ماسکس کی تعداد 4 ہزار 298 ہے۔
پولیس حکام نے بتایا ہے کہ آڈٹ کے اگلے مرحلے میں 2 نومبر سے 25 نومبر تک آنسوگیس شیل کا مزید ڈیٹا فراہم کیا جائے گا۔
یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب پی ٹی آئی احتجاج کے دوران مظاہرین کی جانب سے آنسوگیس شیلز استعمال کرنے کی خبریں سامنے آئیں۔ سینٹرل پولیس آفس نے اس کے بعد تمام ڈی آئی جیز اور دیگر یونٹس کے سربراہان کو خط لکھ کر آنسوگیس اسٹاک سے متعلق تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔