Aaj Logo

شائع 01 دسمبر 2024 08:41am

اسرائیل کے لبنان میں جنگ بندی کے بعد غزہ پر حملے تیز، مزید 100 فلسطینی شہید

اسرائیل نے لبنان میں جنگ بندی کے بعد غزہ پر حملے تیز کردیئے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی شجاعیہ میں تازہ فائرنگ سے بچوں سمیت 8 فلسطینی شہید ہوگئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید سو فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔ غزہ سٹی میں 17، جبالیہ میں ایک اور خان یونس میں تین امدادی کارکنوں سمیت بارہ افراد شہید ہوئے۔

کمال عدوان اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ کے سربراہ اسرائیل حملے میں شہید ہوگئے۔ غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد 44 ہزار 382 ہوچکی ہے۔ جبکہ ایک لاکھ پانچ ہزار ایک سو بیالیس زخمی ہوچکے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے مزید سولہ نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے، ایک اور سابق اسرائیلی وزیر کا کہنا ہے نیتن یاہو غزہ میں نسل کشی کررہا ہے، موشے یاعلون نے کہا کہ اسرائیلی حکومت شمالی غزہ میں قتل عام کرا رہی ہے، فوج کے ذریعے عربوں کا صفایا کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب غزہ اور لبنان میں جاری اسرائیلی قتل عام کے خلاف لندن میں بڑا احتجاج ہوا۔ ہزاروں افراد نے پارک لین سے وائٹ ہال تک مارچ کیا۔ مظاہرین تمام راستے جنگ بندی کے لیے نعرے بلند کرتے رہے جس موقع پر شرکا نے عالمی برادری سے اسرائیل پر فلسطینیوں کا قتل بند کرانے کے لیے دباؤ ڈالنے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین نے کہا کہ دنیا آخر کب تک اسرائیل کے مظالم کا تماشہ دیکھتی رہے گی۔ جنگ مخالف تنظیموں نے اسرائیلی مظالم کے خلاف قومی سطح کا یہ بائیسواں بڑا احتجاجی مظاہرہ تھا۔ منتظمین کے مطابق مظاہرے میں ایک لاکھ بیس ہزار افراد نے شرکت کی۔

Read Comments