بھارت میں مقامی ٹیموں کے میچ کے دوران ایک 35 سالہ کرکٹر دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا۔
جمعرات کو بھارتی شہر پونے کے گروارے اسٹیڈیم میں میچ کے دوران 35 سالہ کرکٹر عمران پٹیل دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق کھلاڑی اوپنر کے طور پر بیٹنگ کرنے آیا اور پچ پر کچھ وقت گزارنے کے بعد سینے اور بازو میں درد کی شکایت کرنے لگا۔
انہوں نے آن فیلڈ امپائرز کو معاملے سے آگاہ کیا اور انہیں میدان چھوڑنے کی اجازت دے دی گئی۔ تاہم پویلین واپس جاتے ہوئے عمران گرگئے۔
فٹ بال میچ کے دوران آسمانی بجلی کھلاڑی پر گر گئی، فٹ بالر ہلاک
میچ کی لائیو اسٹریمنگ کے دوران یہ سارا واقعہ کیمرے میں قید ہوگیا، عمران کے گرتے ہی میدان میں موجود دیگر کھلاڑی ان کی طرف آئے اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اسے مردہ قرار دیا۔
عمران پٹیل کے سوگواران مں بیوی اور 3 بیٹیاں ہیں جبکہ سب سے چھوٹی بیٹی کی عمر محض 4 ماہ ہے۔
خیال رہے کہ رواں سال ستمبر میں حبیب شیخ نامی کرکٹر بھی میچ کے دوران زندگی کی بازی ہار گیا تھا تاہم وہ ذیابیطس کا مریض تھا۔