بھارت کی ریاست گجرات میں کئی ملکوں کی پولیس نے مل کر ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جس نے ٹرین میں لوگوں کو لُوٹنے کے بعد قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ وہ پانچ افراد کو قتل کرچکا ہے۔
ہریانہ کے علاقے روہتک سے تعلق رکھنے والے راہل کمار جاٹ کو بھارتی ریاست گجرات کے ضلع ولساڑ کے قصبے واپی کے ریلوے اسٹیشن سے گرفتار کیا گیا۔ اُس پر گجرات میں 19 سالہ لڑکی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کا الزام تھا۔ گرفتاری کے بعد جب تفتیش شروع ہوئی تب ملزم نے اعتراف کیا کہ ایک ماہ سے بھی کم مدت میں اُس نے ٹرین میں سفر کے دوران چار افراد کو نشانہ بنایا۔
راہل کمار کو 24 اپریل کو گرفتار کیا گیا۔ کئی ریاستوں کی پولیس اُس کی تلاش میں تھی۔ اِس تلاش کے دوران گجرات کے متعدد اضلاع میں 2 ہزار سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کھنگالی گئی۔
پانچویں جماعت سے تعلیم ادھوری چھوڑنے والے راہل کمار جاٹ نے بتایا کہ وہ ٹرین میں جب بھی کسی کو تنہا پاتا تھا تو اُس پر حملہ کرکے اُسے لُوٹ لیتا تھا اور پھر مار ڈالتا تھا۔ اُن نے کئی خواتین سے زیادتی بھی کی۔ وہ بالعموم معذور افراد کو نشانہ بناتا تھا۔ راہل کمار جاٹ کا سراغ لگانا اور اُسے پکڑنا بہت دشوار تھا کیونکہ وہ سفر میں رہتا تھا اور ٹرین میں یا پھر ریلوے پلیٹ فارمز پر سوتا تھا۔
لوکل اور ریلوے پولیس نے مل کر راحل کمار کو اتوار کی شب گرفتار کیا۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کرن راج سنگھ واگھیلا نے بتایا کہ وہ کرناٹک، مغربی بنگال، تلنگانا اور مہا راشٹر میں ٹرین کے اندر یا پلیٹ فارمز پر لُوٹ مار اور قتل کی چار وارداتوں میں ملوث پایا گیا ہے۔
14 نومبر کو ضلع ولساڑ (گجرات) میں اُڈ واڈا ریلوے اسٹیشن کے نزدیک 19 سالہ لڑکی کی لاش ملنے پر جب پولیس نے تحقیقات شروع کی تب راہل کمار جاٹ کا پول کھل گیا۔ لڑکی کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا تھا۔
بدنصیب لڑکی کو اُس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ ٹیوشن سینٹر سے گھر واپس آرہی تھی۔ راہل کمار اِس سے قبل بھی چار خواتین کو زیادتی کے بعد قتل کرچکا تھا۔ گرفتاری سے ایک دن قبل راہل کمار نے بھارتی ریاست تلنگانا کے سکندر آباد ریلوے اسٹیشن پر بھی ایک خاتون کو زیادتی کے بعد قتل کردیا تھا۔
اکتوبر میں راہل کمار نے مہا راشٹر کے شولا پور ریلوے اسٹیشن کے نزدیک ٹرین میں ایک خاتون کو زیادتی کے بعد قتل کردیا تھا۔ اس کے بعد اُس نے مغربی بنگال کے ہاؤڑا ریلوے اسٹیشن کے نزدیک کاٹھیہار ایکسپریس میں ایک معمر شخص کو چُھری کے وار کرکے قتل کردیا تھا۔
راہل کمار پر کرناٹک کے علاقے مُلکی میں بھی ٹرین میں ایک شخص کو قتل کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ راہل کمار کو رواں سال راجستھان کی جودھپور جیل سے رہا کیا گیا تھا۔ اُس پر ڈکیتی کا الزام ثابت ہوگیا تھا۔