Aaj Logo

شائع 28 نومبر 2024 02:31pm

اسلام آباد احتجاج: عمران خان سمیت دیگر ملزمان کیخلاف ایک اور مقدمہ درج

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسلام آباد میں احتجاج کے معاملے پر سابق وزیراعظم عمران خان، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سمیت دیگر کے خلاف راولپنڈی میں ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ صادق آباد میں پی ٹی آئی قیادت کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، مقدمہ میں اقدام قتل، کارسرکار مداخلت سمیت تعزیرات پاکستان کی 14دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

مقدمہ میں عمران خان، علیمہ خان، بشریٰ بی بی، علی امین گنڈا پور،عمر ایوب، حماد اظہر، اسد قیصر، عارف علوی اور خورشید خان سمیت متعدد افراد کو نامز د کیا گیا ہے۔

مقدمے کے متن میں لکھا گیا کہ 26 اکتوبر کی صبح ساڑھے 7 بجے پی ٹی آئی کارکنان نے فیض آباد ناکہ پر اشتعال انگیز نعرے بازی کی، ملزمان نے ٹائر جلا کر سڑک بند کی اور راستہ روک لیا ، ملزمان نے ڈنڈوں اور پتھراؤ کرتے ہوئے پولیس پر حملہ کیا، جس سے کانسٹیبل جنید کی شرٹ پھاڑ کر نوشیروان سے سرکاری موٹرولا سیٹ چھین لیا، ملزمان نے ناکہ پر پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ کی، 2 گولیاں سرکاری گاڑی پر لگیں۔

24 نومبر احتجاج: عمران خان، بشریٰ بی بی سمیت دیگر کیخلاف مقدمات کاسلسلہ جاری

متن میں لکھا گیا کہ انسو گیس کی شیلنگ کے بعد پولیس نے موقع سے 77 پی ٹی آئی کارکنان کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان سے موٹرولا وائرلیس سیٹ، آنسو گیس کے شیل، ڈنڈے، کنچے اور غلیلیں برآمد ہوئیں، ملزمان کے زیر استعمال 3 گاڑیاں بھی قبضہ میں لے لی گئی، ملزمان نے بانی پی ٹی ائی کی سازش مجرمانہ اور ایماء پر خلاف قانون مجمع اکھٹا کیا۔

مقدمہ کے متن کے مطابق ملزمان نے پولیس سے مزاحمت کر کے سڑک بند کی عوام کا راستہ روک کر شہری زندگی کو مفلوج کیا، ملزمان نے عام عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا، سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچایا، ملزمان نے حکومت ریاستی اداروں کے خلاف نعرے بازی کر کے عوام میں خوف و حراس پھیلایا، ملزمان نے قتل کی نیت سے پولیس پر سیدھی فائرنگ کی ۔۔

Read Comments