بیورو آف امیگریشن نے متحدہ عرب امارات ( یو اے ای) ایمپلائمنٹ ویزے کے لئے نئی شرط لاگو کردی۔
پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن( پی اوای پی) کے نائب چئیرمین عدنان پراچہ کے مطابق یو اے ای ملازمت کے لیے جانے والوں کو اب ورک ویزا کے ساتھ پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ بھی حاصل کرنا ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عدنان پراچہ نے مزید کہا کہ یو اے ای میں پاکستانیوں کے گداگری اور دیگر معاملات میں ملوث ہونے کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ یو اے ای نے پہلے ہی پاکستان کے 24 شہروں پر وزٹ ویزا پر پابندی عائد کی ہوئی ہے جو اب بڑھا کر 30 شہروں تک کردی گئی ہے۔ یو اے ای میں گذشتہ ایک سال سے ورک ویزا بھی نہیں مل پارہا ہے، ورک ویزا نہ ملنے سے گزشتہ سال ایک لاکھ سے زائد افراد یو اے ای نوکری کے لئے نہیں جاسکے۔