بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشنکو کی مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے پرتپاک ملاقات سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ نواز شریف نے مری میں بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکا شنکو کے اعزاز میں ظہرانہ دیا تھا۔
سوشل میڈیا وائرل ایک ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بیلا روس کے صدر نواز شریف سے بغل گیر ہونے کے لیے دونوں ہاتھوں کو پھیلا لیتے ہیں۔ ان کا دوستانہ انداز نواز شریف سے تعلقات کی ترجمانی کرتا ہے۔
دونوں رہنماؤں بغل گیر ہوئے اور خوشگوار موڈ میں ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی۔
اس موقع پروزیراعظم شہبازشریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیراعلی پنجاب مریم نواز، سینئر وزیر مریم اورنگزیب بھی موجود تھے۔
یہ ظہرانہ ذاتی حیثیت میں دیا گیا تھا۔ بیلا روس کے صدر نے زراعت، زرعی مشینری، توانائی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی حکومت اور پنجاب حکومت دونوں کے ساتھ تعاون میں اضافہ چاہتے ہیں۔
بیلا روس کے صدر نے نوازشریف، وزیراعظم شہبازشریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز کو بیلاروس کے دورے کی دعوت دی۔ ملاقات کے بعد نواز شریف نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ہمراہ بیلا روس کے صدر کو الوداع کیا۔