پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا کہنا ہے کہ آج عمران خنا کی ایک کال پر پورا پاکستان اسلام آباد میں اکٹھا ہے، جو اس بات کی گواہی ہے کہ وہ بے گناہ جیل کاٹ رہے ہیں، کوئی بھی ایسی سیاسی جیل نہیں کاٹ سکتا جو آپ کے لیڈر نے کاٹی ہے۔
ڈی چوک کی جانب گامزن احتجاجی قافلے سے خطاب کرتے ہوئے بشریٰ بی بی نے کہا کہ خان کو جس کال کوٹھری میں رکھا گیا وہ اتنے گند سے بھری ہوئی تھی کہ اس کا تصور بھی نہیں کرسکتے، انہیں زمین پر سلایا جاتا تھا، وہ اتنے دنوں سے صحیح طرح سو نہیں سکے، میں جب گئی تو ان کی آنکھیں سوجی ہوئی تھیں، میں نے پوچھا تو کہا کہ نہ چٹائی ہے نہ چادر ہے مجھے انہوں نے کچھ نہیں دیا اور زمین پر اتنا گند ہے کہ انسان سو ہی نہ سکے۔ ہمارے شور مچانے پر انہوں نے خان کو بیچ میں سے گری ہوئی چارپائی دی تاکہ خان نہ اس پر سیدھا سوکے نہ کروٹ کے بل سو سکے۔
بشریٰ بی بی کے مطابق عمران خان کو ایک بالٹی پانی دیا جاتا تھا جس سے وضو کیا جاتا تھا اور باتھ روم کیلئے ببھی وہی استعمال ہوتی تھی۔
انہوں نے قافلے میں موجود کارکنان سے کہا کہ آپ لوگوں نے یہ وعدہ کرنا ہے کہ جب تک خان ہمارے بیچ میں نہیں آجاتے آپ ڈی چوک نہیں چھوڑیں گے اور میرا آپ سے وعدہ ہے کہ خان کو لئے بغیر ڈی چوک سے نہیں نکلوں گی، اگر آپ کو کوئی کہے کہ بی بی چھوڑ کر چلی گئی ہے تو یہ جھوٹ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ڈی چوک جائیں گے اگر ہمیں وہاں دھرنا دینا پڑا ہم دھرنا دیں گے، کھانے کی کمی ہو پانی کی کمی ہو وہ جگہ نہیں چھوڑنی۔