اسلام آباد میں پی ٹی آئی کا احتجاجی قافلہ ڈی چوک سے محض نصف کلومیٹر پر موجود ہے۔ ادھر لاہور میں انتظامیہ نے پی ٹی آئی احتجاجی سرگرمیوں کے پیش نظر ایک مرتبہ پھر رنگ روڈ ٹریفک کے لیے بند کردیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ انتظامیہ نے امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر رنگ روڑ ٹریفک کیلئے بند کیا ہے، گزشتہ شام رنگ روڑ کو ٹریفک کیلئے کھولا گیا تھا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی احتجاج کو ناکام بنانے کے لیے پنجاب کی صوبائی حکومت نے لاہور کے تمام داخلی اور خارجی راستے سیل کردیئے تھے۔ گزشتہ روز لاہور کے ذیلی راستوں کو جزوی کھول دیا گیا تھا۔
علاوہ ازیں پولیس نے رنگ روڈ بھی ٹریفک کے لیے کھول دیا تھا لیکن اس پر غیرمعمولی سیکیورٹی موجود رہی۔ ادھر اسلام آباد میں احتجاجی شرکا ڈی چوک کے قریب پہنچ گئے ہیں جس کے بعد اب لاہور میں ممکنہ ردعمل کے پیش نظر رنگ روڈ ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے۔
ہیڈ مرالہ، گوجرانوالہ ریجن میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ
راستوں کی مسلسل بندش کے باعث گوجرانوالہ ریجن میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ میں راستوں کی مسلسل بندش کے باعث سبزیوں ،پھلوں، مرغی کی قلت ہے جس کے باعث قیمتیں دوگنی ہو گئی ہیں۔
ہیڈ مرالہ میں راستوں کی بندش کی وجہ سے جہاں لوگوں کو سفر سمیت دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے وہیں ہیڈ مرالہ میں پیٹرول کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ پیدا ہوچکا ہے۔