Aaj Logo

شائع 25 نومبر 2024 02:34pm

ٹی 20 انٹرنیشنل میں کم ترین اسکور پر پوری ٹیم آؤٹ ہونے کا نیا ریکارڈ قائم

ٹی 20 انٹرنیشنل میں کم ترین اسکور پر پوری ٹیم آؤٹ ہونے کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا، ورلڈکپ کوالیفائر میں نائجیریا کے خلاف آئیوری کوسٹ کی ٹیم صرف 7 رنز پر ڈھیر ہوگئی، 7 کھلاڑی کھاتا کھولے بغیرآؤٹ ہوئے، جس کے بعد نائجیریا نے میچ میں 264 رنز کے بڑے مارجن سے فتح سمیٹی۔

سب ریجنل افریقا کوالیفائر کا پانچواں میچ گروپ سی کی ٹیموں نائیجیریا اور آئیوری کوسٹ کے درمیان نائیجیرین شہر لاگوس میں ھیلا گیا جہاں نائیجیریا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

نائیجریا کے 272 رنز کے تعاقب میں آئیوری کوسٹ کی پوری ٹیم صرف 7 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی جبکہ آئیوری کوسٹ کے 7 بیٹرز ایک بھی رن نہ بنا سکے۔

میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نائیجریا نے 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنائے، نائیجریا کے سیلم سلاو 53 گیندوں پر 112 رنز بناکر ریٹائرڈ آؤٹ ہوئے جبکہ سلیمان رنسیوے 50 اور آئزک اوکپے 65 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

ہدف کے تعاقب میں آئیوری کوسٹ کی ٹیم 7.3 اوورز میں صرف 7 رنز بناکر آل آوٹ ہوگئی،

لاگوس میں کھیلے جانے والے ٹی 20 انٹرنیشنل میں کسی بھی ٹیم نے سب سے کم اسکور کا نیا ریکارڈ بنا ڈالا اور یوں انہوں نے ریکارڈ بک میں اپنا نام درج کروادیا۔

آئیوری کوسٹ ٹی20 کی تاریخ میں کم ترین اسکور بنانے والی ٹیم بن گئی، ٹی20 کی تاریخ میں پہلی بار کوئی بھی ٹیم سنگل ڈیجٹ میں آؤٹ ہوئی ہے، اس سے پہلے کم ترین رنز بنانے کا ریکارڈ 10 رنز تھا جو رواں سال ستمبر میں منگولیا اور سنگاپور کے میچ کے درمیان قائم ہوا تھا۔

آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ ایشیا کوالیفائر کے میچ پہلے کھیلتے ہوئے منگولیا کی پوری ٹیم 10 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی اور سنگاپور نے پہلے ہی اوور میں 13 رنز بناکر میچ جیت لیا تھا۔

نائیجریا کی ٹیم آئیوری کوسٹ کو 264 رنز سے شکست دے کر بڑے مارجن سے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ جیتنے والی تیسری ٹیم بھی بن گئی جبکہ بڑے مارجن سے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ جیتنے والی ٹیموں میں زمبابوے پہلے اور نیپال دوسرے نمبر پر ہے۔

ٹی20 میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی کامیابی کا ریکارڈ زمبابوے کے پاس ہے، جس نے ورلڈکپ سب ریجنل افریقہ کوالیفائر کے میچ میں ہی گیمبیا کو 290 رنز سے شکست دی تھی۔

زمبابوے نے اس میچ میں نہ صرف سب سے بڑی کامیابی سمیٹی تھی بلکہ ٹی20 کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور بنانے کا ریکارڈ بھی قائم کیا تھا، زمبابوے نے سکندر رضا کی 43گیندوں پر 133 رنز کی اننگز کی بدولت 344 رنز بنائے تھے اور مخالف ٹیم کو 54 پر آؤٹ کردیا تھا۔

رنز کے اعتبار سے دوسری بڑی کامیابی کا ریکارڈ نیپال کے پاس ہے، جس نے پچھلے سال ستمبر میں 314 رنز بنانے کے بعد منگولیا کو 41 رنز پر آؤٹ کرکے 273 رنز سے کامیابی سمیٹی تھی۔

Read Comments