Aaj Logo

شائع 25 نومبر 2024 08:56am

پی ٹی آئی اہم شخصیات کی آمد پر ہی کیوں احتجاج کرتی ہے؟ اسحاق ڈار نے سوال اٹھا دیا

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بین الاقوامی شخصیات کی پاکستان آمد پر ہی کیوں احتجاج کرتی ہے؟ یہ سیاسی احتجاج ہے یا ملک کے عزت و وقار کے خلاف سوچی سمجھی سازش، کھیل کھیلا جا رہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر اپنے بیان میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پی ٹی آئی کا احتجاج سیاسی ہے یا ملک کی عزت اور وقار کے خلاف سوچی سمجھی سازش اور کھیل ہے؟

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی سیاست کے بجائے پاکستان کو ترجیح دے، پی ٹی آئی احتجاج کی کال اس وقت دیتی ہے، جب اہم بین الاقوامی شخصیات پاکستان آرہی ہوں، پی ٹی آئی نے چینی وزیراعظم کے دورے اور شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کانفرنس کے موقع پر بھی احتجاج کی کال دی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بیلاروس کے وفد کی آمد پر بھی پی ٹی آئی نے احتجاج کی کال دی، خدارا پاکستان کو اپنی گھٹیا سیاست پر فوقیت دیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائی اور دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کا مرکزی قافلہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی قیادت میں پشاور سے اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہے، احتجاج کی کال پر وفاقی دارالحکومت کے داخلی اور خارجی راستے سیل ہیں اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جڑواں شہروں میں انٹرنیٹ سروس معطل ہے۔

Read Comments