بالی وُڈ کے نامور اسکرین رائٹر اور نغمہ نگار جاوید اختر نے کہا ہے کہ میری اور شبانہ اعظممی کی شادی برائے نام ہے۔ شادی وادی بیکار چیز ہے۔ پہلے تو ہم اچھے دوست ہیں۔
فی زمانہ ازواجی تعلق کی اہمیت اور وقعت کے حوالے سے انٹرویو کے دوران جاوید اختر نے کہا کہ میری نظر میں شادی شدہ ہونا بہت زیادہ معنی نہیں رکھتا۔
کسی بھی رشتے کی بنیاد ہوتی ہے باہمی احترام۔ شادی کا تصور بہت قدیم ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اِس میں بہت کچھ گُھل مِل گیا ہے۔
جاوید اختر کا کہنا تھا کہ میں اور شبانہ شادی شدہ تو ہیں مگر شادی وادی بیکار کی بات ہے۔ اِس سے کہیں بڑھ کر ہم اچھے دوست ہیں۔ شادی ایک معاشرتی ادارہ ہے جو بہت پُرانا ہے اور لڑھکتے لڑھکتے اس گولے سے بہت کچھ چپک اور چمٹ گیا ہے۔
جاوید اختر اور شبانہ اعظمی کی شادی 1984 میں خاصی غیر اطمینان بخش یا پریشان کن کیفیت میں ہوئی تھی۔ تب جاوید اختر شادی شدہ تھے اور ہنی ایرانی اُن کی بیوی تھیں۔
جاوید اختر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ شبانہ اعظمی غیر معمولی شخصیت کی حامل ہیں اور مجھ پر اُن کی شخصیت کے غیر معمولی اثرات ہیں۔