Aaj Logo

شائع 23 نومبر 2024 04:20pm

بشریٰ بی بی کا احتجاج میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ، علی امین گنڈاپور لیڈ کریں گے

ایک طرف بشریٰ بی بی نےپی ٹی آئی احتجاج میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے تو دوسری جانب باقی پی ٹی آئی قیادت عوام کو متحرک کرنے میں مصروف ہے۔ بیرسٹر سیف نے پشاور میں ایک بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی حکومت نے اسلام آباد کو سیل کر دیا ہے اور احتجاج کی کامیابی پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کا ملک بھر سے رابطہ منقطع کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔

بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا احتجاجی فائنل کال میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے احتجاج کو علی امین گنڈاپور اور پارٹی لیڈرز لیڈ کریں گے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی غیر سیاسی خاتون ہیں۔

دوسری جانب بیرسٹر سیف نے اس بات پر زور دیا کہ مینڈیٹ چور حکومت عوام کی زندگی کو اجیرن نہ کرے اور عوام کے حقوق واپس کرے۔

انہوں نے فسطائی ہتھکنڈوں کے بجائے جمہوری طریقے اپنانے کی تاکید کی، ورنہ ناکامی ان کا مقدر بنے گی۔ بیرسٹر سیف نے موٹروے اور پنجاب کی شاہراہوں کو بند کرنا احتجاج کی کامیابی کا مظہر قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہوٹل، تعلیمی ادارے، ہاسٹلز اور لاری اڈے بھی بند کرنا پڑے، جس سے ان کی جعلی سلطنت بچانے کی کوششیں عیاں ہوتی ہیں۔ بیرسٹر سیف نے سوال اٹھایا کہ وہ درباری وزراء کہاں ہیں جو کہتے تھے کہ 50 لوگ بھی نہیں نکلیں گے، اور 50 لوگوں کے خوف سے پورا پاکستان بند کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جعلی حکومت کچھ بھی کر لے، ان کا خاتمہ یقینی ہے۔

مطالبات کی منظوری کیلئے ہر حد تک جائیں گے، علی امین گنڈاپور

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اپنی نہیں پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں، ہم مطالبات کی منظوری کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔

علی امین گنڈاپور نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمارے خلاف ظلم وبربریت جاری ہے، ظلم وبربریت کے خلاف ہم سب کل نکلیں گے، ہمارا پہلا مطالبہ بانی پی ٹی آئی اور کارکنان کی رہائی ہے، آئینی ترمیم کی واپسی بھی ہمارے مطالبات میں شامل ہے، مطالبات کی منظوری تک ہر حد تک جائیں گے۔

Read Comments