Aaj Logo

شائع 22 نومبر 2024 09:07pm

عالمی جنگ کا خطرہ کئی گنا ہوگیا، پولینڈ کا انتباہ

پولینڈ نے کہا ہے کہ یوکرین جنگ کے عالمگیر جنگ میں تبدیل ہونے کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔ یوکرین کی لڑائی مجموعی طور پر پورے مشرقی یورپ کو لپیٹ میں لینے کی طرف بڑھ رہی ہے۔

روس کی طرف سے یوکرین کے ایک شہر پر ہائپر سونک انٹرمیڈیٹ رینج بیلسٹک میزائل داغے جانے کے بعد پولینڈ کے وزیرِاعظم ڈونلڈ ٹسک نے ٹیچرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لڑائی مشرق کی سمت بڑھ رہی ہے جو انتہائی خطرناک معاملہ ہے۔

ڈونلڈ ٹسک کا کہنا تھا کہ ایک طرف ایسا لگتا ہے کہ جنگ منطقی انجام کی طرف بڑھ رہی ہے اور دوسری طرف یہ بھی محسوس ہو رہا ہے کہ کچھ ایسا ہونے والا ہے جس کا کسی کو کچھ اندازہ نہیں۔

پولینڈ کی سرحد روس، یوکرین اور بیلارس سے ملتی ہے۔ پولینڈ کی قیادت معاہدہ شمالی بحرِ اوقیانوس کی تنظیم نیٹو سے کہتی رہی ہے کہ یوکرین کی دفاعی صلاحیت میں اضافہ کیا جانا چاہیے۔ یوکرین کی حکومت اپنی مسلح افواج پر خام قومی پیداوار (جی ڈی پی) کا 4.7 فیصد خرچ کرتی ہے۔

روسی حکومت نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا تھا کہ شمالی پولینڈ میں ایک نئی امریکی بیلسٹک میزائل ڈیفینس بیس کا قیام ایٹمی جنگ کے خطرے کو پریشان کن حد تک بڑھادے گا۔

روس کے دھمکی آمیز بیان پر پولینڈ کی حکومت نے کہا تھا کہ روس کی طرف سے دھمکیاں نیٹو کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی منطق کو محض مضبوط کرتی ہیں۔

Read Comments