Aaj Logo

اپ ڈیٹ 20 نومبر 2024 09:21am

امریکا کا پاکستان میں دہشتگردی اور پولیس اہلکاروں کے اغوا پر اظہار تشویش

امریکا نے پاکستان میں دہشت گردی اور پولیس اہلکاروں کے اغوا پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردانہ حملوں میں بے تحاشہ نقصان اٹھایا، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔

واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پاکستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کی رپورٹس سے آگاہ ہیں، پاکستانی عوام کے خلاف دہشت گردوں کے سفاکانہ حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

میتھو ملر نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی ملک اور کوئی مذہب نہیں، دہشت گردی سے متاثر ہونے والے خاندانوں سے ہمدردی ہے، ہمارے دل کوئٹہ میں 9 نومبر کے دھماکے کے متاثرین کے ساتھ ہیں، پاکستانی عوام نے دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھایا ہے۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ دہشت گردوں سے لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے حکومتی رہنماؤں سے بات چیت کے لیے پُرعزم ہیں، حکومتِ پاکستان کے ساتھ انسدادِ دہشت گردی پارٹنر شپ جاری رکھی ہوئی ہے۔

سانحہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن کی رپورٹ منظر عام پر آگئی، نماز جنازہ کوئٹہ گیریژن میں ادا

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد گروپوں کا پتہ لگانے، ان کی روک تھام اور انہیں جواب دینے کی صلاحیتیں پیدا کرنے کے مواقع کی نشاندہی کے لیے حکومتی رہنماؤں اور سول اداروں سے بات چیت کے لیے پُرعزم ہیں، اس قسم کے خطرات کا پتہ لگانے اور ان سے نمٹنے کے لیے فوجی اور سویلین صلاحیتیں بڑھانے پر مشاورت اور اعلیٰ سطح ڈائیلاگ اس میں شامل ہے۔

میتھو ملر کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکا میں سکھ شہریوں کو لاحق خطرات پرحکومت سنجیدہ ہے، امریکا میں مقیم سکھ کمیونٹی کے خدشات پر بھارت سے جواب لیا جارہا ہے۔

واضح رہے 9 نومبر کو کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر خودکش دھماکے میں 28 افراد جاں بحق اور 60 سے زائد افراد زخمی ہو گئے تھے۔

جعفر ایکسپریس نے 9 بجے پشاور کے لیے روانہ ہونا تھا، ٹرین ابھی تک پلیٹ فارم پر نہیں لگی تھی کہ دھماکا ہو گیا، دھماکا ریلوے اسٹیشن پر ٹکٹ گھر کے قریب ہوا، جس کے بعد دھماکے کا مقدمہ نامعلوم افراد کےخلاف سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا۔

آٹھ دس کلو بارودی مواد کا بیگ اٹھائے خودکش حملہ آور نے جعفر ایکسپریس کا انتظار کرتے مسافروں کے درمیان پہنچ کر خود کو دھماکے سے اُڑالیا تھا۔

خیال رہے کہ 18 نومبر کو بنوں میں مسلح افراد نے 7 پولیس اہلکاروں کو احمد زئی سب ڈویژن میں پولیس چوکی سے اغوا کرلیا تھا۔

پولیس کے مطابق مسلح گروہ نے سب ڈویژن وزیر کے پہاڑی علاقے روچہ چیک پوسٹ کا گھیراؤ کیا اور تمام اسلحہ و سامان بھی ساتھ لے گئے۔

جرگے کی کوششیں کامیاب، بنوں سے اغوا 7 پولیس اہلکار بازیاب

جس کے بعد گزشتہ روز بنوں سے اغوا ہونے والے 7 اہلکاروں کے معاملے پر علاقہ عمائدین پر مشتمل جرگے کے درمیان کامیاب مذاکرات ہوئے اور ساتوں اہلکاروں کو بازیاب کرا لیا گیا جبکہ مغویوں کی بازیابی پولیس اور جرگہ کی کوششوں سے ممکن ہوئی۔

Read Comments