امریکا نے یوکرین کے دارالحکومت کئیف پر بڑے حملے کے خطرے کے پیشِ نظر اپنا سفارت خانہ بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکا سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کے استعمال کی اجازت ملنے کے بعد ایک طرف روس نے اپنی نیوکلئیر ڈاکٹرائن تبدیل کرلی ہے تو دوسری جانب اجازت ملتے ہی یوکرین نے روس پر امریکی ساختہ میزائلوں سے حملہ کردیا، روس نے چھ میزائلوں میں سے پانچ کو تباہ کردیا۔
روس کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ جنگ کے ایک ہزار دن پورے ہونے پر یوکرین نے روس کے برائنسک علاقے میں امریکی ساختہ ATACMS میزائل داغے ہیں۔
یہ حملہ بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے کیف کو روس کے اندر اہداف کے خلاف طویل فاصلے تک مار کرنے والے امریکی ہتھیاروں کے استعمال کے لیے گرین لائٹ دیے جانے کے صرف دو دن بعد ہوا۔
یہ پہلا موقع ہے جب یوکرین نے روس کے اندر گہرائی میں اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے طویل فاصلے تک مار کرنے والے امریکی ہتھیاروں کا استعمال کیا۔
روسی وزارت دفاع نے بتایا کہ منگل کو مقامی وقت کے مطابق رات 3:25 بجے یوکرین نے برائنسک میں ایک تنصیب پر چھ بیلسٹک میزائل فائر کیے، حملے میں امریکی ساختہ ATACMS میزائل استعمال کیے گئے تھے۔
روسی فضائی دفاع نے کہا کہ انہوں نے پانچ میزائلوں کو مار گرایا اور ایک سے معمولی نقصان پہنچا۔ تباہ شدہ میزائل کے ٹکڑے فوجی تنصیب کی سرزمین پر گرے، جس سے آگ لگ گئی جسے اب تک بجھا دیا گیا ہے اور کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
ہائپرسونک میزائل کا کامیاب تجربہ، بھارت دنیا کے ایلیٹ گروپ میں شامل
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے منظور کی گئی نئی نیوکلئیر ڈاکٹرائن میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی غیر جوہری ملک کا روس پر حملہ، اگر کسی جوہری طاقت کی حمایت سے ہو تو وہ دونوں ممالک کا روس پر مشترکہ حملہ تصور کیا جائے گا۔
روسی کی جوہری ڈاکٹرائن میں کہا گیا ہے کہ روس یا اس کے اتحادی بیلا روس پر اگر روایتی ہتھیاروں سے ایسا حملہ کیا گیا جو اس کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے کسی بڑے خطرے کا سبب بنے تو اس صورت میں بھی روس جوہری ہتھیار استعمال کرسکتا ہے۔
روس کی نئی جوہری ڈاکٹرائن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کسی فوجی اتحاد یا بلاک کے رکن کی جانب سے روس پر جارحیت پورے اتحاد کی جارحیت تصور کی جائے گی۔
نئی ڈاکٹرائن کے تحت روس پر کسی بڑے فضائی حملے کی صورت میں جوہری ردعمل دیا جا سکتا ہے۔
روس کی یہ نئی جوہری ڈاکٹرائن ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرین کو امریکا کے فراہم کردہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کے ذریعے روس کے اندر حملے کی اجازت دی ہے۔
کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے واضح کیا کہ اس دستاویز کی اشاعت کا وقت پہلے سے طے شدہ تھا اور پیوٹن نے رواں سال کے آغاز میں اس ڈاکٹرائن کو موجودہ صورتحال کے مطابق تبدیل کرنے کی ہدایت دی تھی۔
یوکرین کو طویل فاصلے تک وار کرنے والے امریکی میزائل روس پر داغنے کی اجازت دیے جانے کے بعد اب روس کی طرف سے بھی بھرپور کارروائی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ روس کے صدر ولادیمیر پوٹن کہہ چکے ہیں کہ اگر امریکا اور فرانس کے جدید ترین ہتھیاروں سے روس میں بہت اندر تک حملے کیے گئے تو بھرپور جوابی کارروائیاں کی جائیں گی۔