Aaj Logo

شائع 19 نومبر 2024 12:47pm

چیمپئنز ٹرافی: پاکستان پر ہائبرڈ ماڈل کیلئے ’بیک ڈور‘ دباؤ کی کوششیں، بھارتی میڈیا کا دعویٰ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی جانب سے بھارت اور آئی سی سی کو واضح طور پر چیمپیئنز ٹرافی کا پورا ٹورنامنٹ پاکستان میں کرانے کا پیغام بھیجا گیا ہے جس نے بھارت کی مشکل مزید بڑھا دی ہے۔

بھارت نے اپنے میڈیا کے ذریعے منفی پروپیگنڈا کر کے ٹورنامنٹ پاکستان سے باہر کرانے کی جھوٹی خبریں پھیلانا شروع کیں جبکہ آئی سی سی کو دیے گئے جوابی خط میں بھی بے بنیاد باتیں لکھی گئی تھیں۔

اب بھارتی میڈیا چینل انڈیا ٹوڈے کا دعویٰ سامنے آیا ہے کہ پی سی بی کو ہائبرڈ ماڈل اپنانے پر راضی کرنے کے لیے بیک چینل مذاکرات کیے جا رہے ہیں جس سے بھارت پاکستان کا سفر کیے بغیر ٹورنامنٹ کھیل سکے گا۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ یہ ماڈل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پی سی بی کو تجویز کے طور پر بیک چینل مذاکرات میں پیش کیا ہے۔

چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی، بھارت کے تحفظات دور کریں گے، چیئرمین پی سی بی

رپورٹ میں کہا گیا کہ کرکٹ ماہرین نے اس حوالے سے زور دیا ہے کہ آئی سی سی ٹورنامنٹ میں بھارتی ٹیم کی شرکت ٹورنامنٹ کی آمدنی کے اعتبار سے ضروری ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو ایونٹ سے دستبرداری کے مالی اثرات سے خبردار کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کرتے ہوئے مزید کہا بھارت اب بھی چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کی تبدیلی پر میزبان (پاکستان) اور ٹورنامنٹ کے شریک اراکین کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ ممکن ہے کہ ایک دو دن میں نئی پیش رفت سامنے آئے گی۔

چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہو گی، ہائبرڈ ماڈل قبول نہیں، پی سی بی کا آئی سی سی کو خط

واضح رہے گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کرانے کیلئے پر امید ہیں۔

محسن نقوی نے کہا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں خیریت سے کرائیں گے جس کے لیے آئی سی سی سے رابطے میں ہیں اور ہمیں ان کے جواب کا انتظار ہے۔

ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت کو اگر تحفظات ہیں تو انہیں دور کریں گے۔

Read Comments