پنجاب میں اسموگ کی شدت میں کمی کے بعد فیصل آباد اور گوجرانوالہ ڈویژنز میں اسکول کھول دیے گئے جبکہ لاہور اور ملتان ڈویژن میں اسکول بدستور بند رہیں گے، دوسری جانب صوبے میں ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے اوقات میں رات 10 بجے تک نرمی کردی گئی، ڈائن ان اور ٹیک اوے کی سہولت بھی رات 10 بجے تک دستیاب ہوگی۔
پنجاب میں اسموگ کی شدت میں کمی آگئی جبکہ لاہور اور ملتان کی فضا بدستور آلودہ ہے، صوبائی دارالحکومت لاہور فضائی آلودگی میں دنیا بھر کے شہروں میں آج بھی دوسرے نمبر پر ہے، لاہور کا اے کیو آئی 252ریکارڈ کیا گیا جبکہ ملتان میں آلودگی کی شرح 286 ہوگئی۔
اسموگ کی صورتحال بہتر ہوتے ہی لاہور اور ملتان کے علاوہ فیصل آباد اور گوجرانوالہ ڈویژنز میں اسکول کھل گئے، پنجاب حکومت نے بند کیے گئے تعلیمی ادارے آج سے کھولنے کا اعلان کیا تھا تاہم لاہور اور ملتان ڈویژن میں یہ پابندی برقراررہے گی۔
اس حوالے سے محکمہ اسکول ایجوکیشن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس میں نئے ایس او پیز پرعملدرآمد کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔
ایس اوپیز کے تحت اسکول پونے 9 بجے سے پہلے نہیں کھلیں گے، تمام طالب علم، اساتذہ اور عملہ لازمی ماسک پہنیں گے، آؤٹ ڈور سپورٹس اور دیگر غیر نصابی سرگرمیوں پر پابندی رہے گی، ایجوکیشن اتھارٹیز کلاسز کے اعتبار سے چھٹی کے اوقات جاری کریں گے جبکہ ایس اوپیز کا اطلاق تمام نجی اور سرکاری اسکولوں پر ہوگا۔
لاہور اور ملتان ڈویژن کے سوا پنجاب کے تمام اضلاع میں تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ
واضح رہے کہ صوبائی حکومت نے 6 نومبر کو بڑے شہروں میں اسکول بند کر دیے تھے، بعدازاں تعلیمی اداروں کو 24 نومبر تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
دوسری طرف تمام ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور فوڈ آؤٹ لیٹس کو رات 10 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دے دی گئی جبکہ محکمہ ماحولیات نے اوقات کار تبدیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہوٹلز اور ریسٹورنٹس میں ڈائن اِن، پارکنگ میں کھانے اور ٹیک اوے کی سہولت رات 10 بجے تک دستیاب ہوگی، ہوم ڈلیوری خدمات پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں ہوگی۔
اپنے ایک بیان میں سینئر صوبائی وزیرمریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ مشرقی ہواؤں کے رخ اور رفتار میں تبدیلی سے پنجاب میں اسموگ کی صورت حال بہتر ہو گئی ہے ، وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر لاہور اور ملتان ڈویژن کے سوا تمام اضلاع میں تعلیمی ادارے آج سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ انسانی زندگیوں کو نقصان سے بچانے کے لیے مشکل فیصلے کیے گئے، بچوں کی تعلیم بہت ضروری ہے لیکن ان کی صحت پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے، اسکول انتظامیہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنائے۔
پنجاب حکومت کو موٹر سائیکلوں کو بیٹری پر منتقل کرنے کی ہدایت
سینئر صوبائی وزیر نے حکومتی اقدامات میں تعاون پر عوام کا شکریہ ادا کیا اور پنجاب حکومت کے تمام اداروں، ای پی اے، پولیس، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور عملے کو شاباش دی ۔