کراچی ایکسپو سینٹر میں بین الاقوامی دفاعی نمائش کا آغاز ہوگیا ہے۔ تقریب میں وزیردفاع خواجہ آصف، وزیرتجارت جام کمال تقریب گورنر سندھ کامران ٹیسوری سمیت دیگر سول اور عسکری قیادت شریک ہوئی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف نے نمائش میں شریک تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کیا اور کہا کہ دنیا بھرسے آئے مندوبین نمائش سے بہترین فائدہ اٹھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معیشت مثبت اعشاریوں کی جانب گامزن ہے، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کیلئےبےپناہ مواقع موجود ہیں، پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے۔
وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ نمائش میں تکنیکی معاملات سمیت اہم امورپرغور ہوگا، پاکستان دنیا بھر میں قیام امن کیلئےاپنا منفرد کردارادا کررہا ہے، علاقائی امن اور سماجی و اقتصادی ترقی کیلئےرابطوں کا فروغ ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مذاکرات کےذریعے مسائل کےحل پریقین رکھتا ہے، پاکستان کی دفاعی صنعت فروغ پارہی ہے، پبلک پرائیویٹ سیکٹرز دفاع پیداوار میں اہم کردار ادا کرسکتےہیں، دفاعی ضروریات کی برآمدات سےمعیشت مضبوط ہوگی۔
کراچی میں دفعہ 144 نافذ
واضح رہے کہ کراچی میں 7 دن کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی، آئیڈیاز 2024 کے موقع پر حفاظتی اقدامات کے تحت مظاہروں، ریلیوں اور احتجاجی دھرنوں پر پابندی ہوگی۔
کراچی میں دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کے موقع پر 7 روز کے لیے دفعہ 144 لگادی گئی، جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، نوٹیفکیش کے مطابق کراچی میں 18 سے 24 نومبر تک احتجاج یا دھرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ دفاعی نمائش آئیڈیاز کی وجہ سے کیا گیا ہے، جس کے تحت شہر بھر میں ہر طرح کے اجتماعات، مظاہروں، ریلیوں اور 5 سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی رینج کے ایڈیشنل آئی جی پولیس کی درخواست پر کمشنر کراچی کی جانب سے 7 روز کے لیے شہری حدود میں دفعہ 144 کے تحت عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی لگائی گئی ہے۔
دفاعی نمائش کے لیے ٹریفک پلان جاری، کون سی سڑکیں بند رہیں گی؟
نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا نفاذ دفاعی نمائش میں شرکت کرنے والے مقامی اور غیرملکی شرکا کی سہولت کے لئے کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایکسپو سینٹر کراچی میں عالمی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، آج وزیراعظم دفاعی نمائش کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔
12 ویں آئیڈیاز 2024، 19 سے 22 نومبر تک ایکسپو سینٹر کراچی میں جاری رہے گی، 4 روزہ نمائش میں ملک میں تیار کی گئی دفاعی مصنوعات پیش کی جائیں گی.
نمائش میں پاکستان کا تیار کردہ جدید لڑاکا ڈرون شاہپرتھری بھی متعارف کرایا جائے گا جبکہ ساتھ ہی جدید ٹیکنالوجی سے لیس دفاعی مصنوعات اور ساز و سامان کو دنیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
ڈیپو کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر علی عادل کے مطابق یہ نمائش دفاعی صنعت کے ساتھ ساتھ ملک کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ یہ خطے میں دفاعی ساز و سامان کی سب سے بڑی نمائش ہے، اس بار نمائش میں 55 ممالک کے 330 غیر ملکی نمائش کنندگان اور 33 وفود شرکت کر رہے ہیں۔
کراچی میں دفاعی نمائش: شارع فیصل، کارساز کے اطراف اسکولز بند رکھنے کی تیاری
کموڈور اعتزاز خالد نے بتایا کہ ایران، اٹلی، اور یوکرین پہلی بار اس نمائش میں شامل ہو رہے ہیں، جبکہ چین اور ترکی کے لیے خصوصی تین پویلین بنائے گئے ہیں۔
کراچی کی کونسی سڑکیں بند ہوں گی اور کیوں؟
آئیڈیاز دفاعی نمائش ہر دو سال بعد منعقد ہوتی ہے، چار روزہ نمائش کے دوران سرشاہ سلیمان روڈ حسن اسکوائر سے اسٹیڈیم تک صبح 7 سے شام 7 بجے تک بند رہے گی۔