Aaj Logo

شائع 18 نومبر 2024 05:28pm

حماس اور حزب اللہ کے ہاتھوں پلاٹون کمانڈر سمیت 4 اسرائیلی فوجی ہلاک

شمالی غزہ میں حماس سے جھڑپوں میں پلاٹون کمانڈر سمیت 3 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک فوجی شدید زخمی ہوا۔ دوسری طرف جنوبی لبنان میں دو بدو لڑائی میں حزب اللہ کے ارکان نے ایک اسرائیلی فوجی کو مار ڈالا۔

ایک اسرائیلی فوجی بیت لاہیا میں حماس کے کارکن کی اسنیپ فائرنگ سے مارا گیا۔ اسرائیلی فوج نے بتایا ہے کہ سے جھڑپوں میں سارجنٹ فرسٹ کلاس ایڈن کینان، پلاٹون کمانڈر کیپٹن یوگیو پازی اور اسٹاف سارجنٹ نوام ایتان مارے گئے۔

کیفیر بریگیڈ کی نہشون بٹالین سے تعلق رکھنے والے ان فوجیوں کی عمریں 21 اور 22 سال تھیں۔ زخمی ہونے والے اسرائیلی فوجی کی حالت نازک ہے۔

حماس سے زمینی لڑائی میں اب تک اسرائیل کے 378 فوجی مارے جاچکے ہیں جبکہ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک کی لڑائی میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 798 ہوچکی ہے۔

سارجنٹ یوگیو پازی سابق چیف آف اسٹاف اور سابق جنگی کابینہ کے مبصر وزیر گاڈی آئزنکوٹ کا بھتیجا تھا۔

آئزنکوٹ کا بیٹا سارجنٹ میئر ایسنکوٹ گزشتہ برس دسمبر کے اوائل میں غزہ میں مارا گیا تھا ایک دن بعد 19 سالہ ماور کوہن آئزنکوٹ بھی مارا گیا تھا۔

حزب اللہ نے جنوبی لبنان سے شمالی اسرائیل پر ایک بار پھر راکٹوں اور میزائلوں کی بارش کردی۔ ان کی زد میں آکر متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

لبنان میں حزب اللہ کے ارکان سے دوبدو لڑائی میں ایک اسرائیلی فوجی مارا گیا جبکہ حزب اللہ کا داغا ہوا راکٹ حیفہ کی عبادت گاہ سے ٹکرانے پر 5 افراد زخمی ہوئے۔

اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے ہاتھوں 21 سالہ فوجی اوری نسانووچ کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔ اوری نسانووچ مقبوضہ بیت المقدس کا رہائشی تھا اور لبنان میں حزب اللہ کے خلاف سرگرم گولانی بریگیڈ سے وابستہ تھا۔

ستمبر کے آخر سے اب تک جنوبی لبنان میں حزب اللہ سے دوبدو لڑائی میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 44 ہوچکی ہے۔

Read Comments