صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیرِاعظم شہباز شریف سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے قلات کے علاقے شاہِ مردان میں دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کی ہے، وزیراعظم کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے ملک سے مکمل خاتمے تک ان کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے شاہِ مردان میں دہشت گردوں کے سیکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کی اور دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیرِ اعظم نے واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے بلندی درجات اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی، انہوں نے ہدایت کی کہ زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
شہباز شریف نے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا نہتے شہریوں پر بزدلانہ حملہ قابل مذمت ہیں، بلوچستان میں انتشار اور بد امنی پھیلانے والے عناصر صوبے کے لوگوں اور اس کی ترقی کے دشمن ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنے بہادر جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے مذموم ہتھکنڈے حکومت کے بلوچستان کی ترقی وخوشحالی کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے اور دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے بہادر پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کے دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا کر رہیں گے، دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
صدر مملک آصف علی زرداری نے بلوچستان کے ضلع قلات میں دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے بہادر جوانوں کو شاندار خراج عقیدت اور شہدا کی بلندی درجات کے لیے دعا کی اور اہلِ خانہ سے اظہار ہمدردی کیا ۔
صدر مملکت نے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا اور شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی قلات میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے 7 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ بہادر سپوتوں نے جانوں کی قربانی دے کر دہشتگردوں کے عزائم کو ناکام بنایا، جری جوانوں نے جان پر کھیل کر 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، امن کی خاطر جانیں نچھاور کرنے والے پاک فوج کے جوان قوم کے ہیرو ہی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیاں تاقیامت یاد رکھی جائیں گی، قوم شہدا اور ان کے باحوصلہ خاندانوں کی ہمیشہ احسان مند رہے گی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بے مثال قربانیوں کی کوئی نظیر نہیں ملتی، شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ساتھ نبھائیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی قلات کے علاقے شاہ مردان میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کو 6 خوارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔
مریم نواز نے حملے میں شہید سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی عظیم قربانی کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور انہوں نے زخمی جوانوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ 15اور 16 نومبر کی درمیانی رات دہشت گردوں نے ضلع قلات کے علاقے شاہ مردان میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ فوجیوں نے بہادری سے مقابلہ کیا، جس کے نتیجے میں 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا جب کہ 4 دہشت گرد زخمی ہوئے۔
تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں 7 جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔