بلوچستان اسمبلی کے حلقے پی بی 8 سبی کے ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کے سردار کوہیار خان ڈومکی نے میدان مار لیا جبکہ آزاد امیدوار میر محمد اصغر خان مری کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
تمام 124 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری اور غیرحتمی نتیجے کے مطابق پیپلز پارٹی سردار کوہیار خان ڈومکی نے 35 ہزار 716 ووٹ حاصل کیے جبکہ آزاد امیدوار میر محمد اصغر خان مری 11 ہزار 949 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
واضح رہے کہ یہ نشست پی پی پی کے رہنما سردار سرفراز چاکر ڈومکی کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔
اس سے قبل گزشتہ روز بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 8 سبی میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہا۔
ضمنی انتخابات میں 22 امیدواروں نے حصہ لیا، کل ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 16 ہزار 161 تھی، جس میں 64 ہزار 223 میل ووٹرز اور 51 ہزار 938 فی میل ووٹرز تھے۔
ضلع بھر میں پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 124 تھی، جس میں 52 مرد، 43 خواتین اور 29 مشترکہ پولنگ اسٹیشن بنائے گئے تھے جبکہ 124 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 67 حساس اور 57 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا۔
پولنگ بوتھ کی تعداد 342 تھی، جس میں 187 مرد اور 155خواتین کے لیے قائم کیے گئے جبکہ پولنگ کے دوران امن وامان کو برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار کوہیار خان ڈومکی اور آزاد امیدوار میر اصغر مری کے درمیان کانٹے کا مقابلہ تھا جبکہ الیکشن میں پی ٹی آئی کے امیدوار سردار ولی محمد مرغزانی اور پشتون خواہ کے سید نور احمد شاہ نے بھی حصہ لیا۔