Aaj Logo

شائع 16 نومبر 2024 08:42pm

بھارتی دباؤ پر آئی سی سی نے پاکستان میں ٹرافی ٹور سے آزاد کشمیر اور بلتستان نکال دیے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھارت کے دباؤ پر پاکستان میں چیمپینز ٹرافی کے ٹور سے آزاد کشمیر اور بلتستان کو نکال دیا ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ یکم دسمبر کو آئی سی سی کے چیئرمین کا منصب سنبھالنے والے جے شاہ نے آئی سی سی سے کہہ دیا تھا کہ پاکستان کا چیمپینز ٹرافی کے ٹور میں آزاد کشمیر اور بلتستان کو شامل کرنے کا فیصلہ یکسر ناقابلِ قبول ہے۔

انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق معلوم ہوا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیمپینز ٹرافی کا ٹور کراچی، لاہور اور راولپنڈی تک محدود رکھنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے آزاد کشمیر اور بلتستان کے حوالے سے آئی سی سی میں تحریری اعتراض داخل کیا تھا۔

جمعرات کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا تھا خبردار پاکستان! 16 نومبر کو پاکستان میں چیمپینز ٹرافی کا ٹور اسلام آباد سے شروع ہو رہا ہے۔ پی سی بی نے بتایا تھا کہ ٹرافی اسکردو، مری، ہُنزہ اور مظفرآباد بھی لے جائی جائے گی۔

استفسار کے باوجود بھارتی کرکٹ بورڈ نے اب تک پاکستان کو نہیں بتایا ہے کہ وہ اپنی کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کیوں کر رہا ہے۔

Read Comments