انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی کا فیصل مسجد اسلام آباد سے سفر شروع ہوچکا ہے، جہاں سے اسے پاکستان مونومنٹ لے جایا جائے گا، سابق ٹیسٹ کرکٹ شعیب اختر بھی ٹرافی کے ہمراہ ہوں گے، پی سی بی حکام بھی ٹرافی کے ہمراہ تقریب میں شرکت کیلئے پہنچے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) نے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے اپنے منظور شدہ ٹور میں ردوبدل کرتے ہوئے نئے ٹور کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔
نئے ٹور شیڈول کے مطابق ٹور آج اسلام آباد سے شروع ہوچکا ہے، ٹرافی 25 نومبر تک پاکستان میں رہے گی اس دوران اسے مختلف شہروں میں لے جایا جائے گا۔
اسلام آباد میں چیمپئنز ٹرافی کو دامن کوہ، فیصل مسجد اور پاکستان مونومنٹ میوزیم سمیت اسکول کالجز اور مختلف سائٹس پر لے جایا جائے گا۔
17 نومبر کو ٹرافی ٹیکسلا اور خانپور جبکہ 18 نومبر کو ٹرافی ٹور ایبٹ آباد میں ہوگا، 19 نومبر کو ٹرافی مری لے جائی جائیگی، 20 نومبر کو نتھیا گلی اور 22 سے 25 نومبر تک کراچی میں ٹرافی کا ٹور ہو گا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ایونٹ میں شریک تمام ممالک میں جائے گی، پاکستان کے بعد ٹرافی ٹور 26 سے 28 نومبر تک افغانستان میں، 10 سے 13 دسمبر بنگلا دیش، 15 سے 22 دسمبر جنوبی افریقا اور 25 دسمبر سے 5 جنوری تک آسٹریلیا میں ہوگا۔
مزید برآں 6 جنوری سے 11 جنوری نیوزی لینڈ، 12 سے 14 جنوری انگلینڈ اور 15 سے 26 جنوری انڈیا میں ٹرافی ٹور ہو گا۔
آئی سی سی کے مطابق 27 جنوری کو پاکستان میں ٹرافی کا ایونٹ شروع ہو گا۔