جوہانسبرگ کے وانڈررز اسٹیڈیم میں بھارت اور جنوبی افریقہ کے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران بھارتی بیٹر سنجو سیمسن کے زوردار اور اونچے چھکے سے ایک خاتون تماشائی زخمی ہوگئی۔ طاقتور شاٹ براہ راست خاتون کے چہرے پر لگا جس کے باعث خاتون رونے لگی اور مناظر کیمرے کی آنکھ نے قید کر لیے۔
کرکٹ بال خاتون تماشائی کے گال پر آکر بہت زور سے لگی جس کے بعد خاتون کے چہرے پر برف لگائی گئی جبکہ بھارتی بیٹر اس بارے میں جان کر پریشان دکھائی دیے۔
جوہانسبرگ میں کھیلے گئے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت نے جنوبی افریقا کو 135 رنز سے شکست دی، بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 1 وکٹ کے نقصان پر 283 رنز بنائے تھے۔
بھارت کے تلک ورما نے 47 گیندوں پر 120 رنز کی ناقابلِ شکست اننگ کھیلی، ان کی اننگ میں 10 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے جبکہ سنجو سمسن 109 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، انہوں نے 9 چھکے اور 6 چوکے لگائے۔
بعد ازاں 284 رنز کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم 148 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
4 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز 1-3 سے بھارت کے نام رہی۔