Aaj Logo

شائع 15 نومبر 2024 04:28pm

’پاکستان میں علامہ اقبال کا کردار کسی طور قائد اعظم سے کم نہیں تھا‘

کراچی میں انجمن ترقی اردو پاکستان کے زیراہتمام تحریک پاکستان میں علامہ اقبال کے کردار سے متعلق تقریب میں انجمن کے صدر واجد جواد نے کہا کہ تحریک پاکستان میں علامہ محمد اقبال کا کردار کسی طور قائد اعظم محمد علی جناح سے کم نہیں تھا۔

تقریب میں دوران صدارت انہوں نے کہا کہ مایوسی کے باعث جب قائد اعظم انگلستان چلے گئے تو انھیں ہندوستان واپس لانے والے علامہ اقبال ہی تھے، انہوں نے بر صغیر میں مسلمانوں کے علیحدہ وطن کا نظریہ پیش کیا، علامہ اقبال مفکر اور فلسفی تھے۔

تقریب کے مہمان خصوصی احمد عبدالباری میاں فرنگی محلی نے شرکا سے خطاب میں کہا علامہ محمد اقبال سچے عاشق رسول ﷺ تھے، انہوں نے اپنی شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کو بیدارکیا۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ علامہ اقبال کی شاعری و فلسفہ سےاستفادہ کیا جا نا چاہیے۔

تقریب کی نظامت ڈاکٹر یاسمین سلطانہ فاروقی نے کی اور اقبال کے خوبصورت اشعار بھی سنائے۔ اس موقع پر پروفیسر عبدالوہاب سوری ، ڈاکٹر قاسم، ڈاکٹر عرفان، ڈاکٹر محمد رب نواز، ڈاکٹر شمع افروز، ڈاکٹر سید علی امام، نسیم کاظمی سید قطب الدین حیدرکے علاقہ جامعات کے اساتذہ، طلبا نے بھی شرکت کی۔

Read Comments