Aaj Logo

شائع 15 نومبر 2024 10:55am

صدر زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کے کیس میں شیخ رشید بری

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے صدر مملک آصف زرداری پر سابق وزیراعظم عمران خان کے قتل کی سازش کا الزام لگانے کے کیس میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو بری کر دیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں آصف علی زرداری کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو قتل کروانے کے الزام پر درج مقدمے کی سماعت کے دوران شیخ رشید اپنے وکلا سردار مصروف خان، سردار شہباز رضا کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔

عدالت نے شیخ رشید کی بریت کی درخواست پر فیصلہ سنادیا، جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود نے محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کو مقدمے سے بری کردیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد یاسر محمود نے آصف علی زرداری کو قتل کرنے کی سازش کے کیس میں شیخ رشید کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

وکیل صفائی سردار رازق کا کہنا تھا شیخ رشید احمد پر درج ایف آئی آر میں قوانین کو فالو نہیں کیا گیا، شیخ رشید پر تو پرائیویٹ شخص کے خلاف بات کا الزام ہے۔ وکلاء کی جانب سے شیخ رشید احمد کو تھانہ آبپارہ میں درج مقدمے سے بری کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔

کیس کا پس منظر

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے آصف زرداری پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کو قتل کرنے کی سازش کا الزام لگایا تھا، جس پر 2 فروری کو انہیں گرفتار کیا گیا تھا۔

آصف زرداری پر قتل کی سازش کا کیس: شیخ رشید کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

پیپلز پارٹی کے ایک مقامی رہنما راجا عنایت نے شیخ رشید کے خلاف سابق صدر آصف علی زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کا الزام لگانے پر شکایت درج کرائی تھی۔

شکایت گزار کی مدعیت میں تھانہ آبپارہ پولیس نے آصف زرداری پر عمران خان کو قتل کرنے کی سازش سے متعلق بیان پر مقدمہ درج کیا تھا، جس میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 120-بی، 153 اے اور 505 شامل کی گئی تھیں، شیخ رشید کے خلاف سازش، عوام کو اکسانے کی دفعات مقدمے میں لگائی گئی تھیں۔

مقدمہ پاکستان پیپلز پارٹی کے راولپنڈی ڈویثرن کے نائب صدر کی مدعیت میں گزشتہ سال فروری میں درج کیا گیا تھا۔

پیپلز پارٹی اورمسلم لیگ ن نفرت کا نشان ہیں، شیخ رشید

بعدازاں اسلام آباد کچہری کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ آج اللہ تعالیٰ کی مدد سے یاسر محمود کی عدالت سے بری ہوا ہوں، میں اپنے وکلا اور لوگوں کا مشکور ہوں جنہوں نے میرا کیس لڑا، اب بس دہشت گردی کے 14 کیس رہ گئے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ ان حکمرانوں سے جو کام لینا تھا وہ لے لیا گیا ہے، اب یہ خود کہہ رہے ہیں انڈے اور ٹماٹر پڑتے ہیں، آپ دونوں پارٹیاں نفرت کا نشان ہیں ہر کوئی آپ سے نفرت کرتا ہے، میں یہاں تھا ہی نہیں جب واقعہ ہوا مگر دہشت گردی کے مقدمات بنا دیے گئے، اب دہشت گردی کی عدالت میں 14 کیسز کی سماعت ہوگی۔

آصف زرداری پر قتل کی سازش الزام، پیپلز پارٹی کا عدالت جانے کا اعلان

سابق وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ مجھے خفیہ کہا گیا آپ کا سامان واپس ہوگا مگر نہیں ہوا، موچھ، لسبیلہ اور مری میں کیس ہوا جو جگہ میں نے دیکھی ہی نہیں، یہ نہ ہو کہ حالات قومی حکومت کی طرف چلے جائیں، جن لوگوں نے ان سے جتنا کام لینا تھا ہوگیا اب گولی اندر چوہا جالندھر۔

کرکٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ بھارت کرکٹ نہیں کھیلنا چاہتا تو لعنت ہو اس پر بھارت کشمیر میں کیا کررہا ہے، منی پورمیں مسلمانوں کے ساتھ جو ہورہا ہے ڈوپ مرنے کا مقام ہے کوئی بیان نہیں دیا گیا، چین ہم سے خفا ہے انہوں نے چینی سفیر کی بے عزتی کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نفرت کا نشان ہیں، عوام ، طلبہ کسان حکمرانوں سے نالاں ہیں، کسانوں کو پہلے ہی گندم کا ریٹ نہیں مل رہا، یہ آئی ایم ایف کے شکنجے کی حکومت ہے۔

Read Comments